حکومتی عدم توجہی کے باوجود پاکستان کے ہونہار طلباء و طالبات دنیا بھر میں اپنی ذہانت کا لوہا منوارہے ہیں‘ سید منور حسن ،ارفع کریم ،موسی ٰ فیروز ،محسن علی اور حارث منظور جیسے محنتی طالب علموں نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے‘ امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 22 فروری 2014 22:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 فروری ۔2014ء) امیر جماعت اسلامی سید منورحسن نے کہا ہے کہ حکومتی عدم توجہی اور مناسب تعلیمی سہولتوں کی عدم دستیابی کے باوجود پاکستان کے ہونہار طلباء و طالبات دنیا بھر میں اپنی ذہانت کا لوہا منوارہے ہیں،ارفع کریم ،موسی ٰ فیروز ،محسن علی اور حارث منظور جیسے محنتی طالب علموں نے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ،10سالہ حارث منظور نے دنیا بھر میں اولیول میں اول پوزیشن حاصل کرکے ثابت کردیا ہے کہ مناسب سرپرستی ہو تو پاکستانی نوجوان ہر شعبہ زندگی میں دنیا کی قیادت کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں ۔

اپنے ایک بیان میں سید منورحسن نے کہا کہ حکومت فوری طور پر قومی زبان اردو کو ذریعہ تعلیم بنائے اور طرح طرح کے نصاب ختم کرکے ملک بھر میں ایک ہی نصاب رائج کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حارث منظور سمیت دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے یہ طالب علم خصوصی توجہ اور بڑے سے بڑے انعام کے حق دار ہیں ۔سید منور حسن نے کہا کہ ملک میں تعلیم کے فروغ کیلئے حکومت ان طالب علموں کو قومی اعزازات سے نوازے تاکہ طلبہ و طالبات کے اندر تعلیم کے شوق کو پروان چڑھایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لائبریریوں کی تعدا د میں بھی مناسب اضافہ کرے تاکہ نوجوان نسل کوموبائل اور انٹر نیٹ کے منفی اثرات سے بچا کر مطالعہ کی طرف راغب کیا جاسکے۔