قائد اعظم کے رہنما اصولوں کے مطابق کراچی کو امن کا گہوارہ بنایاجائیگا،مختلف سیاسی مذہبی جماعتوں کے رہنما وٴں کا عزم،تمام جماعتیں مل کر شہر قائد میں بے امنی کے خاتمے اور بھائی چارگی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گی،نہال ہاشمی ،تاج حیدر ،خواجہ اظہار ،محمد حسین محنتی ،شاہد غوری ،بشارت مرزا ،حافظ احمد علی اور دیگر کی مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے بات چیت

ہفتہ 22 فروری 2014 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 فروری ۔2014ء) مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماوٴں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی رہنمائی اور رہنماء اصولوں کی روشنی میں کراچی کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا ۔کراچی میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں میں کوئی جھگڑا نہیں ۔تمام جماعتیں مل کر شہر قائد میں بے امنی کے خاتمے اور بھائی چارگی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گی اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متحد ہو کر کام کیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دینے اور فاتحہ خوانی کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے صدر نہال ہاشمی ،پیپلزپارٹی سندھ کے سیکرٹری جنرل تاج حیدر ،متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خواجہ اظہار الحسن ،عوامی نیشنل پارٹی کے بشیر جان ،جماعت اسلامی کے محمد حسین محنتی ،تحریک انصاف کے رہنما خرم شیرزمان ،مسلم لیگ (فنکشنل) کے ضمیر عثمانی ،سنی تحریک کے شاہد غوری ،جمعیت علمائے اسلام (س) کے حافظ احمد علی ،پاکستان ڈیموکریٹک پارٹی کے بشارت مرزا اور دیگر رہنماوٴں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماوٴں نے ہاتھ میں ہاتھ ڈال یکجہتی کا اظہار کیا ۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے صدر نہال ہاشمی نے کہا کہ کراچی ملک کی شہ رگ ہے ۔کراچی کے امن سے ملک کا امن وابستہ ہے ۔مسلم لیگ (ن)کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کرکے تمام جماعتوں نے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ مزار قائد پر حاضری دینے کے بعدشہر قائد میں امن کے لیے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی ،آج تمام سیاسی جماعتوں کا یہاں جمع ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کے امن کے لیے تمام جماعتیں متحد ہو کر کام کریں گی ۔

پیپلزپارٹی سندھ کے سیکرٹری جنرل تاج حیدر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا ہے ، ریاست اور عوام مل کر ہی دہشت گردی کا خاتمہ کرسکتے ہیں ۔کراچی میں امن کے لیے تمام جماعتیں ٹارگیٹڈ آپریشن کی حامی ہیں اور تمام جماعتوں میں اتفاق ہے کہ بلاامتیاز ٹارگیٹڈ آپریشن جاری رکھا جائے ۔ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ تمام جماعتوں کا آج مزار قائد پر اکٹھا ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ سب لوگ کراچی میں امن چاہتے ہیں ۔

جماعت اسلامی کے رہنما محمد حسین محنتی نے کہا کہ آج تمام جماعتوں کا مل کر یکجہتی کا اظہار کرنا کراچی میں پائیدار امن کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوگا ۔عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما بشیر جان نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کی خاتمے کے لیے حکومت ،سیاسی قوتوں اور عوام کو مل کر کوششیں کرنی ہوں گی ۔سنی تحریک کے شاہد غوری نے کہا کہ کراچی کی ترقی سے ملک کی ترقی وابستہ ہے ۔

امن کے لیے مثبت کاوشوں میں ہم سب کے ساتھ ہیں ۔تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ تمام جماعتیں اگر مل کر کراچی میں امن کے لیے کوششیں کریں تو ہم اس شہر کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بناسکتے ہیں ۔دیگر جماعتوں کے رہنماوٴں نے کہا کہ آج مزار قائد پر تمام سیاسی اور مذہبی قیادت نے جمع ہو کر اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ کراچی میں بے امنی پھیلانے والے سازشی عناصر کی کوششوں کو سیاسی قوتیں متحد ہو کر ناکام بنائیں گی اور قائد اعظم کے وژن کے مطابق اس ملک کو اسلامی اور فلاحی ریاست بنایا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :