ایم کیوایم کے پی ایس 128 سے کامیاب امیدوار کی جانب سے نادرا رپورٹ کیخلاف اعتراضات الیکشن ٹریبونل میں جمع کرادیئے گئے

ہفتہ 22 فروری 2014 20:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 فروری ۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے پی ایس 128 سے کامیاب امیدوار کی جانب سے نادرا رپورٹ کے خلاف اعتراضات ہفتہ کو الیکشن ٹریبونل میں جمع کرا دیئے گئے ہیں الیکشن ٹریبونل نے سماعت 27 فروری تک ملتوی کردی ہے ۔

(جاری ہے)

جسٹس ( ر )ظفر احمد شیر وانی پر مشتمل الیکشن ٹریبونل کراچی نے ایم کیو ایم کے کامیاب امیدوار سید وقار حسین شاہ کو پی ایس 128میں نادرا کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ پر اعتراضات جمع کرانے کا حکم دیا تھا جس پر ہفتہ کو نادرا رپورٹ پرایم کیوایم کے امیدوار سید وقار حسین شاہ کی جانب سے اعتراضات جمع کرادئیے گئے ۔

اعتراضات سید وقار حسین شاہ کے وکیل سید اقبال حیدر نے جمع کرائے جبکہ مسلم لیگ ( ن ) کے درخواست گزارسلطان خان جوہری کی جانب سے اسلم بھٹہ ایڈوکیٹ پیش ہوئے ۔نادرا رپورٹ پر جمع کرائے گئے اعتراضات میں کہا گیا ہے کہ نادرا کو ووٹوں کی جانچ پڑتال اور موازنہ کا اختیار نہیں ہے نادرا کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ میں ہمیں تعصب کا نشانہ بنایا گیا ہے یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ پی ایس 128 کے ووٹوں کا ریکارڈ کس کی تحویل میں رہا تھا۔اعتراضات جمع کرائے جانے کے بعد الیکشن ٹریبونل کراچی نے پی ایس 128 کی مزید سماعت 27 فروری تک ملتوی کر دی ہے۔