کراچی میں رینجرز اور پولیس کے ٹارگٹڈ آپریشن، گینگ وار کے 4ملزمان سمیت 14افراد گرفتار

ہفتہ 22 فروری 2014 15:59

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22فروری 2014ء) رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 14 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔کراچی میں سی آئی ڈی اور کیماڑی پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران بم بنانے کی فیکٹری برآمد کرلی ہے،پولیس کے مطابق گزشتہ روز پکڑی جانے والی بارود سے بھری گاڑی اسی فیکٹری میں تیار کی گئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز کے 400اہلکاروں نے پرانا گولیمار کے علاقے ریکسر لائن میں گھر گھر تلاشی لے کر 15افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد 11 افراد کو رہا کردیا گیا جبکہ 4 افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے 28 مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد کرلئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوران آپریشن علاقے کی مکمل ناکہ بندی کی گئی تھی ، داخلی اور خارجی راستوں کو مکمل طور پر بندکردیا گیا کسی بھی کو آنے جانے کی اجازت نہیں تھی ۔

رینجرز ترجمان کے مطابق حراست میں لئے گئے افراد کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے جن سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔دوسری جانب کنواری کالونی میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر 100 سے زائد پولیس اہلکاروں نے سرچ آپریشن کیا، اس دوران 10 مشبتہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔ایس ایس پی ویسٹ عرفان بلوچ کے مطابق کنواری کالونی میں پولیس کے سرچ آپریشن میں 100 پولیس اہل کاروں نے حصہ لیا۔

آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے مکمل طور پر بند کرکے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا گیا۔عرفان بلوچ کے مطابق دوران آپریشن دس مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ سرچ آپریشن علاقے میں جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔دوسری جانب سی آئی ڈی اور کیماڑی پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران بم بنانے کی فیکٹری برآمد کرلی ہے۔

سی آئی ڈی ذرائع کے مطابق سی آئی ڈی انوسٹی گیشن کے سربراہ مظفر مشوانی نے کیماڑی پولیس کی خصوصی ٹیم کے سربراہ شفیق تنولی کے ہمراہ ماڑی پور مشرف کالونی میں کارروائی کی،جس کے نتیجے میں ایک مکان میں قائم بم بنانے کی فیکٹری برآمد ہوئی ہے۔ فیکٹری سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد اور بڑی تعداد میں بم بنانے کا سامان بھی برآمد ہوا ہے، جسے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق فیکٹری سے دو تیار بم بھی برآمد ہوئے ہیں، جنہیں بم ڈسپوزل یونٹ نے ناکارہ بنا دیا ہے۔اس موقع پر مظہرمشوانی نے بتایا کہ گزشتہ روز پکڑی جانے والی بارود سے بھری گاڑی اسی فیکٹری میں تیار کی گئی تھی۔شفیق تنولی کے مطابق یہ کارروائی گزشتہ روز سی آئی ڈی کے ہاتھوں گرفتار کالعدم تحریک طالبان کے تین کارندوں کی نشاندہی پر کی گئی ہے۔مظہرمشوانی کے مطابق گزشتہ روز ماڑی پور سے پکڑی جانے والی بارود سے بھری ہائی روف کیماڑی پولیس کی خصوصی ٹیم کے سربراہ پر حملے کے لئے تیار کی گئی تھی جس پر شفیق تنولی کا کہنا تھا کہ وہ کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔سی آئی ڈی کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان کے گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے جن سے مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔

متعلقہ عنوان :