جماعةالدعوة کا 23مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں نظریہ پاکستان مارچ، ریلیوں، جلسوں اور کانفرنسوں کے انعقاد کا اعلان

جمعہ 21 فروری 2014 17:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21فروری 2014ء) جماعةالدعوة پاکستان نے 23مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں نظریہ پاکستان مارچ، ریلیوں، جلسوں اور کانفرنسوں کے انعقاد کا اعلان کر دیا، لاہور میں لاکھوں افرادصبح دس بجے مینار پاکستان جمع ہوکر نظریہ پاکستان کے تحفظ کا عہد کریں گے اور پھرمسجد شہداء مال روڈ کی جانب مارچ کریں گے جہاں ایک بڑے تاریخی جلسہ عام کا انعقاد کیاجائے گا،نظریہ پاکستان مارچ، جلسوں اور ریلیوں میں ملک بھر کی تمام مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں کو شریک کیاجائے گا۔

اس امر کا فیصلہ امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کی زیر امارت جماعةالدعوة کے مرکزی ذمہ داران کے ایک اجلاس میں کیا گیا ہے۔اجلاس کے دوران حافظ محمدسعید نے پانچوں صوبوں و آزاد کشمیر کے ذمہ داران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ 23مارچ کو پورے ملک میں تحصیلی سطح پر نظریہ پاکستان کے تحفظ کیلئے پروگراموں کا انعقاد کیا جائے تاکہ نظریہ پاکستان کے تحفظ کا عہد اور وطن عزیزپاکستان کے خلاف سازشوں کا توڑ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 23مارچ کو پاکستان بنانے کی قرارداد منظور کی گئی تھی اور پھر مسلمانوں نے دو قومی نظریہ کی بنیاد پر لاالہ الااللہ کا نعرہ بلندکیا اور اس بات کا اعلان کیا کہ مسلمانوں اور ہندوؤں کے عقیدے، رہن سہن اور کلچر و ثقافت الگ الگ ہیں وہ کسی صورت اکٹھے نہیں رہ سکتے ۔ اس مقصد کیلئے لاکھوں مسلمانوں نے قربانیاں پیش کیں اور پاکستان کے نام سے الگ خطہ حاصل کیا مگر افسوسناک بات یہ ہے کہ آج قیام پاکستان کے مقاصد کو بھلا دیا گیا ہے۔

پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ کا نعرہ نوجوان نسل کے ذہنوں سے نکالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہندسرکار نے شروع دن سے پاکستان کے وجود کو تسلیم نہیں کیا اور ہمیشہ پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کی ہے۔ خاص طور پر پچھلے بارہ برسوں میں انڈیا نے خطہ میں امریکہ کی موجودگی سے بہت فائدے اٹھائے ہیں۔ ملک میں ہونے والی دہشت گردی وتخریب کاری میں بھارت سرکار ملوث ہے اور پاکستانیوں کو گروہ بندیوں میں تقسیم کرنے کی خوفناک سازشیں کی جارہی ہیں۔

ان حالات میں ضرورت اس امرکی ہے کہ قوم کو بھارتی سازشوں کے مقابلہ کیلئے متحد و بیدار کیا جائے لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ حکومت پاکستان لاکھوں مسلمانوں کے قاتل بھارت سے یکطرفہ دوستی پروان چڑھانے ، باہمی تجارت اور اپنے ہی دریاؤں سے بجلی خریدنے کے معاہدات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ 23مارچ 1940ء کو مینار پاکستان پر دوقومی نظریہ کی بنیا دپر الگ ملک پاکستان بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اس لئے موجودہ حالات کے تناظر میں ہم نے مینار پاکستان سے ہی نظریہ پاکستان مارچ کا اعلان کیا ہے ۔ دس بجے لاہور اوراس کے گردونواح سے مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افرا د مینار پاکستان جمع ہوں گے اور پھر مسجد شہداء مال روڈ کی جانب بڑا نظریہ پاکستان مارچ کیاجائے گا۔

متعلقہ عنوان :