آلودگی پھیلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی ، قوانین پر نظر ثانی کی جائے ، منور مغل

جمعہ 21 فروری 2014 16:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21فروری 2014ء)ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر منور مغل نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی کے متعلق قوانین میں سقم ختم کر کے انھیں فعال بنایا جائے تاکہ اس میں ملوث افراد و اداروں کے خلاف سخت کاروائی کی جا سکے۔پاکستان کے کئی شہروں میں آلودگی ناقابل برداشت ہو چکی ہے جس کا فوری حل نہ نکالا گیا تواسکے تباہ کن اثرات سے کروڑوں افراد متاثر ہونگے۔

منور مغل نے یہ بات سی ڈی اے کی جانب سے ماحولیات کے متعلق ایک تقریب اور واک سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ممبر سی ڈی اے ثناء اللہ امان، ڈی آئی جی پولیس ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری، اسلام آباد چیمبر کے اول نائب صدر خالد چودھری، مختلف تنظیموں کے نمائندے، طلباء و طالبات اور بڑی تعداد میں عام افراد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

منور مغل نے کہا کہ آلودگی آنکھ، کان، ناک اور گلے کی بیماریوں کے علاوہ دل ، جگر و گردہ کو متاثر کرتی ہے جس سے متاثرین کی استعداد میں کمی آئی ہے جس کا منفی اثر گھر اور سکول سے لے کر کارخانوں تک پڑتا ہے جو معاشی سست روی کا سبب بنتا ہے۔

متاثرین کو ہسپتالوں میں علاج کی سہولت نہیں ملتی کیونکہ پاکستان میں صحت کا بجٹ صومالیہ اور بھوٹان سے بھی کم ہے۔منور مغل نے سی ڈی اے کی جانب سے آگہی بڑھانے کی مہم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ہمیں بہت کچھ کرنا ہے۔انھوں نے جنگلات کی کٹائی روکنے، بھارت کی طرح پبلک ٹرانسپورٹ میں صاف ایندھن کے استعمال، قدرتی کھاد اور کیڑے مار دواؤں کے استعمال کا مطالبہ بھی کیا تاکہ انسانیت کے خلاف اس جرم کو روکا جا سکے۔اس موقع پر ثناء اللہ امان نے کہا کہ سی ڈی اے تجاوزات کے خاتمہ اور اسلام آباد کو صاف رکھنے کی ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا اور عوام کی جانب سے شکایت پر چوبیس گھنٹے کے اندر کارروائی کی جائیگی۔