ایشیاء کپ میں ٹائٹل کے دفاع کیلئے پوری ٹیم کو اجتماعی کارکردگی دکھانا ہو گی ،ٹا ئٹل کا دفاع کرنے کے قابل ہیں ‘ مصباح الحق

جمعہ 21 فروری 2014 15:05

ایشیاء کپ میں ٹائٹل کے دفاع کیلئے پوری ٹیم کو اجتماعی کارکردگی دکھانا ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21فروری 2014ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ایشیاء کپ میں ٹائٹل کے دفاع کیلئے پوری ٹیم کو اجتماعی کارکردگی دکھانا ہو گی ، ایشیاء کپ میں دفاع کرنے کے قابل ہیں اور جیت کر واپس لوٹیں گے ، سری لنکا اور بھارت ہی نہیں بنگلہ دیش بھی اپنے ملک کی کنڈیشن میں خطرناک ٹیم ثابت ہو سکتی ہے اور وہی ٹیم فیورٹ ہو گی جو پہلے روز سے پرفارم کریگی ‘ پاکستان کی موجودہ ٹیم متوازن ہے اور کھلاڑیوں نے بھرپور تیاری کی ہے ‘ معین خان کافی عرصہ سے ٹیم کے ساتھ ہیں اور وہ ٹیم کے کھلاڑیوں کو سمجھتے ہیں اس لئے واٹمور کی تبدیلی کا زیادہ اثر نہیں پڑے گا ۔

قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے ایشیاء کپ کیلئے بھرپورمحنت کی ہے او رجیت کے لئے پر عزم ہیں ۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش کی کنڈیشن ایسی ہے کہ ایشیاء کی ٹیمیں اسے سمجھتی ہیں ، وہاں کی کنڈیشن میں بنگلہ دیش کی پرفارمنس بھی سب کے سامنے ہے جس نے گزشتہ ایشیاء کپ میں نہ صرف بھارت بلکہ سری لنکا کو بھی شکست دی ۔

اب بھی وہی ٹیم فیورٹ ہو گی جو پہلے روز سے اچھا کھیلے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے ہر میچ اہم ہوگا او رجہاں تک پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کا تعلق ہے تو یہ انتہائی اہم میچ ہوتا ہے اور دنیا اسے دیکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو کامیابی کے لئے اجتماعی کارکردگی دکھانا ہو گی او ریہ نہیں ہو سکتا کہ صرف دو تین کھلاڑیوں کی کارکردگی سے کامیابی حاصل کر لی جائے ۔

ہم مقابلہ کرینگے اور ہم اس قابل ہیں کہ جیت کر واپس لوٹیں ۔ انہوں نے کہا کہ ناصر جمشید کافی دیر سے فارم میں نہیں جبکہ شرجیل نے اچھی پرفارمنس سے شروعات کی ہے اور اسکی صلاحیت نظر آرہی ہے اور اس وجہ سے اسے چانس ملنا چاہیے ۔ بالنگ میں اعزاز کی پرفارمنس بھی سب کے سامنے ہے اور وہ اچھا کھیل رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آل راؤنڈر کارکردگی کیلئے بلاول اور وہاب او رانو رعلی کو چانس دے رہے ہیں اور انہوں نے اچھا پرفارم کیا ہے جبکہ شاہد آفریدی کی پرفارمنس بھی بہتر ہے اور وہ ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ جب تک کھیلوں کمٹمنٹ کے ساتھ کھیلوں اور ریٹائرمنٹ کے بعد کے لئے منصوبہ بندی کر رکھی ہے جسے سامنے نہیں لا سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں اچھا کمبی نیشن بنا ہوا ہے بالنگ میں نوجوان بالرز اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں جبکہ بیٹنگ بھی بہترین ہے ۔تمام لڑکے پر اعتماد ہیں جب پرفارمنس ہو گی تو پوری ٹیم با اعتماد ہو گی اور جیتنے کے چانسز ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی کھلاڑی انٹر نیشنل کرکٹ کھیلتا ہے وہ ناکام بھی ہوتا ہے کیونکہ اس پر دباؤ ہوتا ہے اور اگر یہ کہا جائے کہ ایسا نہیں ہوتا تو یہ غلط ہے لیکن جب آپ انٹر نیشنل کرکٹ کھیلتے تو آپ نے پروفیشنل کو ڈیل کرنا ہوتا ہے کیونکہ آپ کو اسی کے سبب ٹیم میں لیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معین خان گزشتہ کچھ عرصے سے ٹیم کے ساتھ ہیں اور کھلاڑیوں کی تیاریوں اور ذہنی صلاحیت کو بھی سمجھتے ہیں اس لئے ڈیو واٹمور کی تبدیلی کا زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لوئر مڈل آرڈرز نے بھی اچھی اننگز کھیل کر میچ جتوائے ہیں اور ہم آسٹریلیا کو دیکھتے ہوئے نئے لڑکوں کو پروموٹ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بالنگ میں روٹیشن پالیسی جاری رکھیں گے او رموقعہ کی مناسبت سے بالرز کو کھلائیں گے ،ڈاکٹرز ،فزیو اور بالنگ کوچ اس طرح تیاری کرا رہے ہیں کہ فاسٹ بالر پر لوڈ کو کم کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا بھارتی ٹیم کو اس سے ضرور فرق پڑے گا لیکن اسکے پاس بینگ میں کھلاڑیوں کی ایک لمبی فہرست ہے ۔

متعلقہ عنوان :