راجن پورمیں خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش ناکام

جمعہ 21 فروری 2014 12:26

راجن پور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21فروری 2014ء) پولیس نے کوٹ مٹھن کے قریب خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو دھماکہ خیز مواد کی مدد سے اڑانے کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 10 کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا۔ راجن پور کے علاقے کوٹ مٹھن میں مقامی لوگوں نے پولیس کو ریلوے ٹریک پر کسی مشکوک چیز کی موجودگی کی اطلاع دی جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو طلب کر لیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر 10 کلو گرام وزنی بم کو ناکارہ بنا دیا جس میں بڑی تعداد میں بال بیرنگ اور نٹ بولٹ استعمال کئے گئے تھے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسند خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو دھماکہ خیز مواد کی مدد سے اڑانا چاہتے تھے تاہم تخریب کاری کی کوشش بروقت کارروائی کر کے ناکام بنا دی گئی۔

(جاری ہے)

پولیس نے ایک کلو میٹر کے علاقے کا محاصرہ کر کے تخریب کاروں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل بھی سندھ اور بلوچستان کے سرحدی علاقے ٹھل کے قریب بھی خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا تھا جس میں 8 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہو گئے تھے جب کہ اس سے چند روز قبل کراچی میں دھابے جی کے قریب بھی ریلوے ٹریک پر دھماکے سے ایک بچی جاں بحق ہو گئی تھی۔