فنی خرابی،اسلام آباد سے مسقط جانیوالی فلائٹ کو ہنگامی طور پر بحفاظت اتار لیا گیا

جمعہ 21 فروری 2014 12:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21فروری 2014ء) بے نظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد سے مسقط جانے والی غیر ملکی پرواز کو فنی خرابی کے باعث ہنگامی طور پر بحفاظت واپس اتار لیا گیا۔ ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق عمان ائیرلائن کی پرواز بینظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے مسقط کے لیے روانہ ہوئی تو ٹیک آف کے کچھ دیر بعد طیارے سے ایندھن کا اخراج شروع ہوا۔

(جاری ہے)

طیارے میں فنی خرابی کے باعث پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کیلئے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا جس کے بعد بینظیر انڑنیشنل ائیرپورٹ پر طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کی تیاریاں شروع کر کے دیگر تمام پروازیں روک لی گئیں ۔ طیارے کو بحفاظت واپس اتار لیا گیا۔ائیرپورٹ منیجر محمد اعجاز کا کہنا ہے کہ طیارے کے پائلٹ نے طیارے میں فنی خرابی کا خدشہ ظاہر کیا جس کے بعد پرواز کو اتار لیا گیا۔جہاز کا عملہ اور تمام مسافر محفوظ ہیں اور فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہیں۔