عمران فاروق قتل کیس،پاکستان کا دو مشتبہ ملزموں کو برطانیہ کے حوالے کرنے کا فیصلہ

جمعہ 21 فروری 2014 12:01

عمران فاروق قتل کیس،پاکستان کا دو مشتبہ ملزموں کو برطانیہ کے حوالے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21فروری 2014ء) پاکستان نے عمران فاروق قتل کیس کے دو مشتبہ ملزموں کو برطانیہ کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما عمران فاروق قتل کیس کے دو مشتبہ ملزموں کو سیکورٹی اداروں نے کراچی کے قائداعظم انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے اپنی تحویل میں لیا تھا ۔ وفاقی حکومت کے ذمہ دار ترین ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لندن اور اسلام آباد کے درمیان دونوں ملزموں کی حوالگی کے لیے قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

برطانوی حکومت نے پاکستان کو 70 صفحات پر مشتمل خط میں عمران فاروق کے قتل سے متعلق حقائق سے آگاہ کیا تھا ۔ اس قتل کے تمام سرے پاکستان میں آ کر ملتے اور ختم ہوتے تھے ۔ برطانوی حکومت کے خط پر پاکستان میں گزشتہ تین ہفتے سے غور و خوض ہو رہا تھا ۔ دونوں ملزم برطانیہ سے کولمبو اور وہاں سے کراچی پہنچے تھے جہاں پر پہلے سے موجود ایک شخص کو ان دو افراد کی میزبانی کا فریضہ سپرد کیا گیا تھا تاہم پاکستانی اداروں نے بروقت کارروائی کر کے دونوں ملزموں کو ائیرپورٹ سے اپنی تحویل میں لیا تھا۔اس حوالے سے وزیر داخلہ چودھری نثار کا کہنا ہے کہ برطانوی درخواست پر قانونی مشیروں سے مشاورت کر رہے ہیں۔