شمالی وزیرستان:جیٹ طیاروں کی بمباری،40 دہشتگرد ہلاک،طالبان کمیٹی کا اظہارافسوس

جمعرات 20 فروری 2014 22:05

شمالی وزیرستان:جیٹ طیاروں کی بمباری،40 دہشتگرد ہلاک،طالبان کمیٹی کا ..

شمالی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20فروری۔2014ء) شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر جیٹ طیاروں کے ذریعے بمباری سے غیر ملکیوں سمیت 40 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔سیکورٹی فورسز نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب جیٹ طیاروں سے تحصیل میر علی کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے 6 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔پہلا حملہ طالبان کمانڈر عبدالستار کے ٹھکانے پر کیا گیا جس میں وہ ہلاک ہو گیا۔

(جاری ہے)

دوسرا اور تیسرا حملہ ازبک اور ترکمانستان کے عسکری کمانڈروں پر کیا گیا۔چوتھا حملہ تاجک عسکری مرکز پر کیا گیا جس میں تاجک کمانڈر سمیت تمام دہشت گرد مارے گئے۔پانچواں حملہ کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر جہاد یار کے ٹھکانے پر کیا گیا جس میں پندرہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔چھٹا حملہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے کمانڈر عبدالرزاق کے ٹھکانے پر کیا گیا۔دوسری جانب طالبان مذاکراتی ٹیم کے رکن پروفیسر ابراہیم نے شمالی وزیرستان میں بمباری پر اظہار افسوس کیا۔پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ حکومت نے ان کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں کیا۔