وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے دورہ چین کے تیسرے روز بھی بیجنگ میں انتہائی مصروف دن گزارا،چینی حکام کو نندی پور پاور پراجیکٹ پر متاثر کن بریفنگ، منصوبے کی بربادی اور بحالی کی تفصیل سن کر چینی حکام دنگ رہ گئے

جمعرات 20 فروری 2014 21:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 فروری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اپنے دورہ چین کے تیسرے روز بھی بیجنگ میں انتہائی مصروف دن گزارا۔ وزیراعلیٰ نے بجلی پیدا کرنے والی مختلف چینی کمپنیوں، مالیاتی اداروں ، ترقیاتی محکموں اور بینکوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ نے ایسے ہی ایک اجلاس میں گزشتہ دور حکومت کے دوران نندی پور پاور پراجیکٹ کی بربادی اور موجودہ پنجاب حکومت کی طرف سے قومی اہمیت کے اس منصوبے کی بحالی کی تفصیل بیان کی تو شرکاء اجلاس یہ جان کر دنگ رہ گئے کہ کس طرح اربوں روپے کی لاگت سے شروع کیا جانے والا بجلی کا یہ پلانٹ 3 سال تک بند پڑا رہا اور اب وزیراعلیٰ شہباز شریف کی سربراہی میں اسے کس طرح نئی زندگی دی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے تصویروں کی مدد سے حاضرین کو آگاہ کیا کہ منصوبے پر 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور انشاء اللہ مئی 2014ء میں نندی پور پاور پراجیکٹ کی پہلی ٹربائن کام شروع کردے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے چین کے وزیراعظم کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے لاہور سے ملتان تک موٹروے کی تعمیر کیلئے تعاون کے اعلان پر وزیراعظم چین کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر چینی وزیراعظم نے وزیراعظم محمد نواز شریف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ لاہور۔ ملتان موٹروے آپ، وزیراعظم اور پاکستانی قوم کیلئے چین کی جانب سے تحفہ ہے۔