دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں عملی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا ،پاکستان اور چین کا اتفاق ،چین کی خود مختاری کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کی بھرپور مخالفت کرینگے ، پاکستان ،پاکستان کی طرف سے اپنی خود مختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت برقرار رکھنے کیلئے اس کی کوششوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا،چین دہشت گردی کی عالمی لعنت کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،چین

جمعرات 20 فروری 2014 20:45

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 فروری ۔2014ء) پاکستان نے کہا ہے کہ چین کی خود مختاری کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کی وہ بھرپور مخالفت کرے گا جبکہ چین نے کہا ہے کہ پاکستان کی طرف سے اپنی خود مختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت برقرار رکھنے کیلئے اس کی کوششوں کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا، چین دہشت گردی کی عالمی لعنت کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔

جمعرات کو صدر ممنون حسین کے چین کے سرکاری دورے کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ چین دہشت گردی کی عالمی لعنت کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ صدر ممنون حسین نے اپنے دورے کے دوران چین کے صدر ژی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ کے علاوہ چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کی سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین یانگ ڈی جیانگ سے تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے چین کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی جزو قرار دیا۔ پاکستان نے ون چائنہ پالیسی کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ چین کی خود مختاری کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کی وہ بھرپور مخالفت کریگا۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مشرقی ترکمانستان اسلامک موومنٹ کو ایک دہشت گرد تنظیم سمجھتا ہے جو چین اور پاکستان کے امن و استحکام کے لئے ایک مشترکہ خطرہ ہے۔

پاکستان نے انسداد دہشت گردی کی پاکستان کی حکمت عملی اور کوششوں کی چینی حمایت کو سراہا۔ فریقین نے پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ سٹریٹجک اور تعاون پر مبنی تعلقات کے شراکت دار کے طور پر پاکستان اور چین اپنی دوستی کو مضبوط بنانے، اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے، سیکیورٹی تعاون کو وسعت دینے، عوام کی سطح پر رابطے بڑھانے اور پاکستان اور چین کے عوام کے باہمی فائدے کے لئے مل کر کام کیا جائے گا۔

دونوں ممالک تعاون کے موجودہ شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ روابط کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ نئے مواقع بھی تلاش کریں گے۔ دونوں ممالک کے وزراء خارجہ ایک دوسرے کے ملک کے دورے کریں گے اور سٹریٹجک مذاکرات اور دیگر مشاورتی اقدامات کئے جائیں گے تاکہ تمام دوطرفہ، کثیر جہتی اور عالمی امور پر تعاون اور رابطوں کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ فریقین نے موجودہ ادارہ جاتی طریقہ کار کے قیام کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا جس سے اقتصادی راہداری پر عملدرآمد کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ منصوبہ بندی، ٹرانسپورٹ، بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے شعبوں کے حوالے سے جو ورکنگ گروپ قائم کئے گئے ہیں ان کے کامیاب افتتاحی اجلاس ہو چکے ہیں جبکہ اقتصادی راہداری کو فروغ دینے کے لئے ایک مشترکہ کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے۔ فریقین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ اقتصادی راہداری کی حکمت عملی دونوں ممالک کی معیشت اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ علاقائی ترقی اور خوشحالی میں بھی مددگار ثابت ہو گی۔

پاکستان اور چین کے رہنماؤں نے اپنے اپنے متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وہ اقتصادی راہداری کے منصوبے پر کام کی رفتار تیز کریں اور اس منصوبے کو عملی شکل دینے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ دونوں فریقین چین پاکستان پانچ سالہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ان منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے جن کی نشاندہی کی گئی ہے۔ دونوں ممالک نے زراعت، صحت، تعلیم اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔

پاکستان کے وفد نے پاکستان میں بنیادی ڈھانچے اور ترقی کے منصوبوں میں چینی کمپنیوں اور چینی باشندوں کی خدمات کو سراہا۔ فریقین نے کہا کہ دفاعی شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے سٹریٹجک تعاون کا ایک اہم حصہ ہے اور دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں عملی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ دونوں فریقین نے رواں سال پاکستان میں مزید کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا تاکہ دونوں ممالک کی زبان کو فروغ دے کر عوام کو ایک دوسرے کے قریب لایا جا سکے۔ دونوں ممالک نے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات میں ایک دوسرے کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کو بھی فروغ دینے اور علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر مشترکہ موقف اختیار کرنے پر بھی اتفاق کیا۔