عوام کو معیاری میونسپل سروسز کی فراہمی اولین ترجیح ہے،عنایت اللہ خان، شجر کاری مہم میں80لاکھ پودے لگائے جائیں گے جس سے پر فضا ماحول کے مواقع میسر آئیں گے، صوبائی وزیر بلدیات کا تقریب سے خطاب

جمعرات 20 فروری 2014 20:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 فروری ۔2014ء)خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ صوبہ بھر کے عوام کو معیاری میونسپل سروسز کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات نے تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبہ بھر میں محکمے کی جانب سے گرین خیبر پختونخوا کے نام سے شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جس کے باعث عوام کو پر فضا ماحول کے مواقع میسر آئیں گے اور ہم صوبے کے عوام کو گھٹن کے ماحول سے نکال لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں80لاکھ پودے لگائے جائیں گے جس کے لئے لوگ تعاون کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر رشید احمد خان،چیف میونسپل کارپوریشن جاوید امجد کے علاوہ محکمہ بلدیات کے افسران اور پشاور یونین کونسلوں کے معززین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبہ بھر میں صفائی کی صورتحال کی بہتری کے لئے بہترین انتظامات کئے گئے جس کے باعث عوام کو ماضی کے برعکس کہیں بھی شکایت کا موقع نہیں ملا۔

میڈیا اور لوگوں سے بہت پذیرائی ملی جس کے ہم انتہائی مشکور ہیں مگر محکمہ بلدیات میں مزید بہتری کے لئے کوششیں جاری ہیں تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے خصوصی اقدامات کئے جاسکیں۔ وزیر بلدیات نے عوام پر زور دیا کہ وہ امن اور صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لئے موجودہ مخلوط حکومت کے ساتھ اپنابھرپور تعاون جاری رکھیں تاکہ ان کیلئے شروع کردہ میونسپل سروسز کے نظام کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔