معیشت میں بہتری کیلئے فنی تعلیم ناگزیر ہے، محمد عاطف خان ، ڈویلپمنٹ سکیم“ کے تحت ملک کے مختلف اچھے فنی اداروں میں 500 بچوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن کی تعلیم کیلئے بھیجا جائیگا، وزیر تعلیم خیبر پختونخوا

جمعرات 20 فروری 2014 20:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 فروری ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی وثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ فنی تعلیم ایک ایسا شعبہ ہے جس کے نتائج فوری نظر آتے ہیں، ہنر مند نوجوان نہ صرف اپنی اور اپنے خاندان کی باعزت کفالت کر سکتے ہیں بلکہ ملکی معیشت کو بھی بہترین بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں کو فنی تعلیم بھی فراہم کی جا نی چاہئے کیوں کہ ملازمت کے لئے صرف تعلیم کا ہونا کافی نہیں بلکہ اس کے لئے مطلوبہ شعبہ میں مہارت ہونا بھی ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر حیات آباد، پشاور میں منعقدہ تقریب سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے ” سکل ڈیویلپمنٹ سکیم“ کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

اس سکیم کے تحت ملک کے مختلف اچھے فنی اداروں میں 500 بچوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن کی تعلیم کی فراہمی کے لئے بھیجا جا رہا ہے جس کے تمام اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی، تکنیکی مہارت کا یہ منصوبہ 10 کروڑ روپے کی مالیت سے شروع کیا گیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ کسی بھی شعبہ بالخصوص محکمہ تعلیم میں تین چیزیں میرٹ ،استعداد کارمیں اضافہ، اور تشخیص بنیادی اہمیت کی حامل ہیں اگر یہ تین چیزیں ٹھیک کر لی جائیں تو کسی بھی شعبے کی کارکردگی کو سو فیصد بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنر مند افراد کی معاشرے میں بہت عزت ہوتی ہے، ہنر مند نوجوان کبھی بھوکا نہیں رہتا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ٹیکنیکل یونیورسٹی کے قیام میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے اس بڑے منصوبہ کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ صوبائی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم بچے ہماری پوری توجہ کے مستحق ہیں اور ان کا واحد مستقبل تعلیم ہی ہے جس پر کسی قسم کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ہمارا مقصدمتوسط خاندانوں کے بچوں کو آگے لانا ہے تاکہ وہ پڑھ لکھ کر اپنا مستقبل بہتر بنا سکیں۔تقریب سے سیکرٹری صنعت و حرفت محمد علی شہزاد،ڈی جی ٹیکنیکل ایجوکیشن شکیل احمد نے بھی خطاب کیا اور فنی تعلیم کی ضرورت اور تکنیکی مہارت کے پروگرام کے مختلف پہلووٴں پر روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :