کوئٹہ میں بھی میٹروبس سروس شروع کرنے کا فیصلہ ،وزیراعلیٰ بلوچستان ارکان اسمبلی کے وفد کے ہمراہ ترکی کے دورے پر روانہ ہوگئے

جمعرات 20 فروری 2014 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 فروری ۔2014ء) کوئٹہ شہر میں بھی لاہور طرز کی میٹروبس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس سلسلے میں وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اارکان اسمبلی کے ایک وفد کے ہمراہ ترکی کے دورے پر روانہ ہوگئے تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ صوبائی وزیر بلدیات سردار مصطفی ترین ارکان اسمبلی محترمہ یاسمین لہڑی محترمہ ڈاکٹر رقیہ ہاشمی محترمہ حسن بانو رخشانی اور طاہر محمود اور وزیراعلیٰ بلوچستان کے پرنسپل سیکرٹری نسیم احمد لہڑی بھی ان کے ہمراہ ہے قابل اعتماد ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان اپنے دورہ ترکی کے دوران ترکی حکام سے کوئٹہ شہر میں میٹرو بس سروس شروع کرنے اور کچرے سے بجلی کی پیدوار کے بارے میں دومعاہدوں پر دستخط کرینگے اس وقت کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے زیادہ ہونے اور بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے کوئٹہ شہر میں ٹریفک کا ایک اہم مسئلہ درپیش ہے جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان لاہور طرز کی طرح کوئٹہ میں بھی میٹرو بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور دوسری جانب کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان میں اس وقت بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے خاص طور پر زمینداروں کو بھی زیادہ نقصان ہوتا ہے اور دوسری جانب عوام کو بھی مشکلات پیش آرہی ہے اس لئے وزیراعلیٰ بلوچستان ترکی کے حکام سے کچرے سے بجلی بنانے اور میٹرو بس سروس شروع کرنے کے دو معاہدوں پر دستخط کرینگے ۔