فشریز ڈیپارٹمنٹ نے ایوب پل کانجو مینگورہ پل کے نیچے غیر قانونی شکار کا نوٹس لے لیا

جمعرات 20 فروری 2014 17:35

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20فروری 2014ء)سوات انتظامیہ ،پولیس اور فشریز ڈیپارٹمنٹ نے ایک بار پھر ایوب پل کانجو مینگورہ پل کے نیچے غیر قانونی شکار ماہی پر سخت کاروائی کی اور متعدد غیر قانونی شکاریوں کے خلاف مقدمات درج کئے ۔اشفاق خان اے سی سوات ہمراہ جان شیر خان ڈسٹرکٹ آفیسر فشریز سوات نے زیر تعمیر ایوب پل کانجو کے نیجے کم پانی ڈنڈ کا تفصیلی معائنہ کیا اور ٹھیکیدار کنسٹرکشن کمپنی کو ہدایت کی کہ پل کے نیچے ڈنڈ میں مزید ایکسکیویٹراور بلڈوزر سے ہنگامی طور پر کام کیا جائے تاکہ ڈنڈ میں موجود مچھلی زیادہ بہاؤ والے پانی میں چلے جائیں ٹھیکیدار نے بھاری مشینری کے زریعے کام کرکے ڈنڈ سے پانی دریا میں ریلیز کیا۔

ڈسٹرکٹ آفیسر فشریز ہمراہ انسپکٹر فشریز اور فیلڈ سٹاف نے اس سلسلے میں دریائے سوات ایوب پل کے نیچے رات کے وقت کئی چھاپے مارے اور متعدد افراد کو گرفتار کیا اور ان کے خلا ف چالان رجسٹر ڈکرکے پولیس سٹیشن بنڑحوالات میں بند کئے گئے اور صبح اے سی سوات عدالت میں پیش کرکے بھاری جرمانے لیے گئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اے سی سوات نے فشریز ڈائریکٹر کے کئے گئے اقدامات کو سراہا اور سٹاف کی ڈیوٹی کو خراج تحسین پیش کیا اور یقین دلایا کہ انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے محکمہ ماہی پروری کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا غیر قانونی شکا ر ماہی کرنے والے سے سختی سے نمٹا جائے گا ۔

محکمہ ماہی پروری نے عوام الناس سے اپیل کی کہ مچھلی کو تحفظ دینے میں محکمہ سے تعاون کرے تاکہ اس وسیلہ قدرت کو ضائع ہونے سے بچایا جائے۔