حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح وبہبود کے لئے عملی اقدامات اُٹھا رہی ہے،سردارسورن سنگھ

جمعرات 20 فروری 2014 17:32

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20فروری 2014ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی اُمور ڈاکٹر سردار سورن سنگھ نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح وبہبود کے لئے عملی اقدامات اُٹھا رہی ہے جن میں غریب اور نادار لوگوں کی مالی مدد بھی شامل ہے ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں صوبے کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے ہندؤ برادری کے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

وفود میں وزیر زادہ ،تنویر لال، مدم لال بلوچ ، اور سنوتش لال بھی شامل تھے۔اس موقع پر وفود نے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کو اپنے مسائل اور مشکلات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا ڈاکٹر سردار سورن سنگھ نے وفود کو یقین دلایا کہ ان کے جائز تمام مسائل ومشکلات کو حل کرنے کے لئے بھرپور اقدمات اُٹھائیں جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی صوبائی اسمبلی میں ایک قرارداد پیش کی جائے گی جس میں صوبائی سطح پر اقلیتوں کے لئے مختص ملازمتوں کا کوٹہ بڑھایا جائے گا ۔

اس موقع پر صوبے کے مختلف اضلاع کی ہندؤ برادری کی بیوہ خواتین میں امدادی فنڈز کی رقوم بھی تقسیم کی گئیں ۔ آخر میں وفود کے اراکین نے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور معاون خصوصی کا اقلیتی برادری کے مسائل کے حل کے سلسلے میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا اور اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔