شمالی وزیرستان میں فضائی حملہ وزیراعظم کی منظوری سے کیاگیا

جمعرات 20 فروری 2014 13:47

شمالی وزیرستان میں فضائی حملہ وزیراعظم کی منظوری سے کیاگیا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20فروری 2014ء) شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں حملہ وزیراعظم نواز شریف کی اجازت سے کیا گیا تاہم حکومت مذاکراتی عمل جاری رکھنے کے بھی حق میں ہے۔مذاکراتی کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ طالبان جیسے ہی کارروائیاں بند کر نے کا اعلان کریں، ان کے ساتھ رابطہ کیاجائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فضائی حملے کا فیصلہ فوجی قیادت نے وزیراعظم نوازشریف کی اجازت ملنے کے بعدکیا، دہشت گردوں کے ٹھکانوں پرحملہ حکومت اورعسکری قیادت کے درمیان گزشتہ تین دن جاری رہنے والی ملاقاتوں کے بعدہوا۔ اب حکومت سمجھ رہی ہے کہ مذاکرات کے باوجود دہشت گردی کی کارروائیاں بڑھ گئی ہیں اورفورسزکو بھی نشانہ بنایاگیاہے۔

(جاری ہے)

طالبان سے جاری مذاکرات کے19 دنوں کے دوران فوج اورپولیس اہلکاروں سمیت 172افرادشہیدکئے گئے، 9 ستمبر2013 کو منعقدہ آل پارٹیزکانفرنس کے بعد ملک بھرمیں دہشت گردانہ کارروائیوں میں114 فوجی اہلکاروں سمیت 460 معصوم افرادکونشانہ بنایاگیا جبکہ 1264 زخمی ہوئے۔دہشت گردوں کے ٹھکانوں پرحملہ ضرورکیاگیاہے تاہم حکومت بات چیت کاعمل جاری رکھنے کے حق میں ہے اورمذاکراتی کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ جیسے ہی طالبان کارروائیاں بند کرنے کااعلان کریں، ان کے ساتھ رابطہ کیاجائے۔