سپیکٹرم نیلامی کے سلسلہ میں پی ٹی اے کے ٹیکنیکل ماہرین کے وفد کی وزیر مملکت انوشہ رحمان سے ملاقات،ماہرین کی ٹیم نے وزیر مملکت کو تھری جی نیلامی کے سلسلہ میں آئی ایم میمورنڈم کی تیاری بارے بتایا،نئے سپیکٹرم کی نیلامی کیلئے انفارمیشن میمورنڈم کا مسودہ جلد مرتب کیا جائے، نیلامی میں شفافیت ، مسابقت کے پہلووٴں کو مدنظر رکھتے ہوئے مٴوثر حکمت عملی وضع کی جائے ، وزیر مملکت کی ہدایات

بدھ 19 فروری 2014 21:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 فروری ۔2014ء) سپیکٹرم نیلامی کے سلسلہ میں پی ٹی اے کی طرف سے متعین کئے گئے ٹیکنیکل ماہرین/ولیوپارٹنرکنسلٹنٹس کے وفد نے وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی مس انوشہ رحمن سے ملاقا ت کی اور آئی ۔ایم میمورنڈم کے مسودے کی تیاری کے سلسلہ میں اجلاس میں شرکت کی۔اس موقع پر وفاقی سیکریٹری آئی ٹی اخلاق احمد تارڑ ، چیئرمین پی ٹی اے ڈاکٹر اسماعیل شاہ اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پی ٹی اے کے سینئر افسران بھی شامل تھے۔

ماہرین کی ٹیم نے وزیر مملکت کو تھری جی نیلامی کے سلسلہ میں آئی ۔ ایم میمورنڈم کی تیاری کی بابت آگاہ کیا اور اس میمورنڈم میں سپیکٹرم آکشن کا مجوزہ طریقہ کار اور اس نیلامی کے مختلف پہلووٴں پر روشنی ڈالی ۔

(جاری ہے)

مسز انوشہ رحمان نے اس بات پر زور دیا کہ آئی ایم کا مسودہ جلداز جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ نئے سپیکٹرم کی نیلامی معینہ مدت کے اندر مکمل کی جا سکے۔

وزیر مملکت نے ماہرین کے وفد کو سپیکٹرم نیلامی کی بابت حکومتی پالیسی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ اس نیلامی میں شفافیت ، مسابقت کے پہلووٴں کو مدنظر رکھتے ہوئے مٴوثر حکمت عملی وضع کی جائے اور اس ضمن میں بین الاقوامی معیار کو ملحوظ خاطر رکھا جائے تاکہ پاکستان کا 60 فیصد نوجوان طبقہ اس نئی ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکے کیونکہ پاکستان میں موبائل برانڈ بینذ تک رسائی صرف 2 فیصد سے بھی کم طبقے کو حاصل ہے ۔

اسلئے موبائل برانڈ بینڈ مارکیٹ ٹیلی کام آپریٹرز کیلئے خاصی دلچسپی کی حامل ہے ۔ٹیکنیکل ماہرین/کنسلٹنٹس نے وزیرمملکت کو یقین دلایا کہ آئی ۔ایم کے مسودہ کی تیاری میں حکومتی پالیسی اور تمام پہلووٴں کو نہایت احتیاط اور توجہ سے مرتب کیا جا رہا ہے اس سلسلہ میں بین الاقوامی معیار کے ساتھ ساتھ پاکستان کی مارکیٹ کو خصوصی طور پر ملاحظہ کیا گیا ہے ۔کنسلٹنٹس نے مزید یقین دہانی کروائی کہ وہ حکومت کے ساتھ اس سلسلہ میں مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے بھرپور تعاون کرینگے اور اس سلسلے میں کوئی دقیقہ فرووگذاشت نہ رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :