کراچی اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا تسلسل جاری،سرمایہ کاری مالیت میں مزید 19ارب 42کروڑ روپے سے زائد کی کمی،مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 197.45پوائنٹس کمی سے 25686.93پوائنٹس پر بند ہوا

بدھ 19 فروری 2014 21:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 فروری ۔2014ء) کراچی اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا تسلسل جاری ،کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو بھی مندی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس 25800اور 25700کی نفسیاتی حدوں سے گرگیا ۔سرمایہ کاری مالیت میں مزید 19ارب 42کروڑ روپے سے زائد کی کمی ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت17.45فیصد کم جبکہ57.82فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔

حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاوٴسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے آئل ,انشورنس ،سیمنٹ اوربینکنگ سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغازمثبت زون میں ہوا ۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 25991پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا تاہم فروخت کے دباوٴ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث مقامی سرمایہ کار گروپ تذبذب کا شکار نظر آئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی، جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے تاہم اتار چڑھاوٴ کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔

(جاری ہے)

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ سے ملک بھر میں دہشت گردانہ کاروائیاں بڑھنے اور امن وامان کی بدترین صورتحال کے علاوہ سیاسی افق پر غیریقینی حالات جیسے عوامل سرمایہ کاروں کی مایوسی میں اضافہ کررہے ہیں جسکے سبب سرمایہ کاروں کی جانب سے نئے تقویمی سال کے آغاز پر تاحال طویل المدت سرمایہ کاری کی حکمت عملی کا فقدان نظر آرہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ کے دوبڑے پلیرز کی باہمی چپقلش بھی کیپیٹل مارکیٹ کی سرگرمیوں کو متاثر کررہی ہیں یہی وجہ ہے کہ مارکیٹ کی کوئی واضح ڈائریکشن نظر نہیں آرہا ہے، صرف وقتی بنیادوں پر اتارچڑھاؤ کا رحجان غالب ہے۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 197.45پوائنٹس کمی سے 25686.93پوائنٹس پر بند ہوا ۔مجموعی طور پر 377کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے 142کے کمپنیوں کے بھاوٴ میں اضافہ ،218کمپنیوں کے بھاوٴ میں کمی جبکہ 17کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا ۔

سرمایہ کاری مالیت میں19ارب 42کروڑ 40لاکھ 34ہزار259روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر62کھرب71ارب 23کروڑ 20لاکھ 6ہزار 920روپے ہوگئی ۔بدھ کو کاروباری سرگرمیاں 18کروڑ 57لاکھ 62ہزار 770شیئرز رہیں جو منگل کے مقابلے میں3کروڑ92لاکھ 93 ہزار210شیئرز کم ہیں ۔قیمتوں کے اتار چڑھاوٴ کے حساب سے نیسلے پاکستان کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت410.50روپے اضافے 9745.00روپے،کولگیٹ پامولو کے حصص کی قیمت 30.00روپے اضافے 1630.00روپے پر بند ہوئی ،نمایاں کمی باٹا پاک لمیٹڈ کے حصص میں ریکارڈ کی گئی جس کے حصص کی قیمت 86.66روپے کمی سے 3000.00روپے جبکہ وائتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 74.38روپے کمی سے 4494.50روپے پر بند ہوئی ۔

بدھ کوٹی آر جی پاکستان کی سرگرمیاں2 کروڑ3لاکھ 79ہزار شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 83پیسے اضافے سے11.70روپے اور آدم جی انشورنس کی سرگرمیاں 98لاکھ 61ہزار200 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں جس کے شیئرز کی قیمت 1.23روپے اضافے سے41.79روپے ہوگئی ۔کے ایس ای 30انڈیکس 180.86پوائنٹس کمی 18668.64پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس 453.13پوائنٹس کمی سے 42434.56جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 59.59پوائنٹس کمی 19239.26پوائنٹس پر بند ہوا ۔