وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات،سیاسی صورتحال ، ترقیاتی کاموں اور سندھ کے ہائر ایجوکیشن کمیشن ،ٹارگٹڈ کارروائیوں پر متحدہ قومی موومنٹ کے تحفظات سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

بدھ 19 فروری 2014 21:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 فروری ۔2014ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئر مین ڈاکٹر عاصم حسین کے ہمراہ بدھ کو گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں جاری سیاسی صورتحال ، ترقیاتی کاموں اور سندھ کے ہائر ایجوکیشن کمیشن ،ٹارگیٹڈ کا رروائیوں پر متحدہ قومی موومنٹ کے تحفظات سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔

اس موقع پر صوبے اور شہر کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کے لئے کارروائیوں کو بلا تفریق جاری رکھنے کے عزم کا اظہارکیا گیا اور اس حوالے سے درپیش مسائل او ر خاص طور پر متحدہ قومی موومنٹ کے تحفظا ت کو دور کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری اور متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین بھائی کے وژن کے مطابق مفاہمتی عمل کو فروغ دینے اور صوبے اور شہر میں ہم آہنگی کی فضا ء کو پروان چڑھانے کے لئے معاملات کو افہام و تفہیم کے ذریعے حل کرنے کے اقدامات پر زور دیا اورامید طاہر کی کہ سندھ کی دونوں بڑی سیاسی جماعتیں پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ صوبے اور شہر کے مفاد میں اپنا اشتراک رکھیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ترقی کے لئے ضروری ہے کہ صوبے اور شہر میں امن و امان اور ہم آہنگی کی فضا ء قائم رہے ۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ جاری ترقیاتی کاموں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ کراچی سمیت پورے صوبے میں میگا پروجیکٹس کاجال بچھا یا جائے گا، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم نے سرکاری جامعات کے معیار کو بین الاقوامی سطح پر لانے کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تعلیم کے شعبے کو فوقیت دی جارہی ہے تاکہ دنیا میں اپنا مقام حاصل کرسکیں اور بیرون ملک جاکر تعلیم حاصل کرنے کی استعداد نہ رکھنے والے طلبہ بین الاقوامی اور جدید طرز معیار کی تعلیم پاکستان میں ہی حاصل کرسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز میں جاری ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ فیکلٹیز کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے ۔ملاقات میں ملک میں جاری دہشت گردحملوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ملک دشمن قوتیں دنیا میں پاکستان کے امیج کو متاثر کرنے کی کوششیں کررہی ہیں جس کی وجہ سے سرمایہ کاری میں مشکلات درپیش ہیں ۔