خطے کے مخصوص حالات کے تناظر میں صحافی برادری اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے، وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا

بدھ 19 فروری 2014 21:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 فروری ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شاہ فرمان نے کہا ہے کہ خطے کے مخصوص حالات کے تناظر میں صحافی برادری اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے۔موجودہ صوبائی حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے صحافت کے فروغ اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب دیر بالا کے نو منتخب عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر خیبر یونین آف جرنلسٹس کے صدر نثار محمود،ڈسٹرکٹ پریس کلب دیر بالا کے نو منتخب صدر سید زاہد جان،نائب صدر ارشد شاہین،جنرل سیکرٹری احمدالحق ملیزی اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار پر یقین رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

تعمیری تنقید جائز ہے لیکن پیشہ ورانہ صحافت کے اصولوں کو ہمیشہ مد نظر رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ صحافی برادری اپنے قلم کے ذریعے معاشرتی ناہمواریوں کو آشکارہ کریں اور عوام کے مسائل اجاگر کرنے میں اپنامثبت کردار اداکریں۔شاہ فرمان نے کہا کہ خطے کے مخصوص حالات کی وجہ سے یہاں کی صحافی برادری کو کئی مشکلات اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑا لیکن پیشہ ورانہ خدمات کی انجام دہی میں انہوں نے کوئی رکاوٹ آڑے نہیں آنے دی۔شاہ فرمان نے ڈسٹرکٹ پریس کلب دیر بالا کی نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ کابینہ اپنی پیشہ ورانہ خدمات بھرپور طریقے سے سر انجام دیتے ہوئے حکومت کی مثبت سرگرمیوں کو اجاگر کرے گی جبکہ بعض مسائل کے حل کے سلسلے میں حکومت کی رہنمائی بھی کرے گی۔

ڈسٹرکٹ پریس کلب دیر بالا کے صدر سید زاہد جان نے وزیر اطلاعات کو دیر بالا کے صحافیوں کو درپیش مسائل اور مطالبات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ دیر بالا پسماندہ اور دوردراز علاقہ ہونے کی وجہ سے یہاں کی صحافی برادری کئی مشکلات سے دوچار ہے۔گزشتہ ادوار میں بھی یہاں کے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے ۔پریس کلب کے صدر نے وزیر اطلاعات سے دیر بالاکے صحافیوں کیلئے میڈیاکالونی کی تعمیر،گرانٹ اور میڈیکل فنڈز کی فراہمی سمیت پریس کلب کے لئے ضروری آلات و فرنیچر اور آمدو رفت کی آسانی کے لئے موٹر سائیکلوں کا مطالبہ بھی کیا جس پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان کے مطالبات وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے سامنے خصوصی طور پر پیش کئے جائیں گے۔