حکومت انفیکشن کنٹرول کرنے اور میڈیکل ویسٹ مینجمنٹ کے لئے جامع اور مربوط ایکشن پلان مرتب کر رہی ہے‘ خواجہ سلمان رفیق ، میڈیکل کے تمام شعبوں اور پیرامیڈکس کے نصاب میں انفیکشن کنٹرول کے مضمون کو لازمی قرار دینے کیلئے حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے،انفیکشن کنٹرول کرنے میں روزمرہ کی عادات کو تبدیل کر نے کی اشد ضرورت ہے‘ مشیر برائے صحت کا دو روزہ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

بدھ 19 فروری 2014 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 فروری ۔2014ء) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی طرف سے طے کردہ اہداف کے حصول کے لئے اصلاحات متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ انفیکشن کنٹرول کرنے اور میڈیکل ویسٹ مینجمنٹ کے لئے جامع اور مربوط ایکشن پلان مرتب کر رہی ہے،23 سرکاری ہسپتالوں میں انسینریٹرز نصب کئے گئے ہیں جو ہسپتالوں کی ویسٹ کو تلف کر رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہا ں ایک مقامی ہوٹل میں دو روزہ انفیکشن کنٹرول مانیٹرنگ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکشاپ کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب اور انوائرمنٹ اینڈ میڈیکل ویسٹ مینجمنٹ پلان نے مشترکہ طورپرکیا تھا۔

(جاری ہے)

ڈویژنل ڈائریکٹرز ہیلتھ سروسز، پروگرام مینجرز، ڈسٹرکٹ لیلتھ آفیسرز اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ز نے تربیتی ورکشاپ میں شرکت کی۔

خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ میڈیکل کے تمام شعبوں اور پیرامیڈکس کے نصاب میں انفیکشن کنٹرول کے مضمون کو لازمی قرار دینے کے لئے حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے اور انفیکشن کی روک تھام کے لئے نرسز کیلئے ڈپلومہ کورسز شروع کرنے کی تجاویز بھی غور ہیں ۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے میں انفیکشن کو کنٹرول کرنے کو اولین ترجیح دے رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال ویسٹ مینجمنٹ رولز اور انفیکشن کو کنٹرول کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر عملدرآمد کرنے میں ہیلتھ مینجرز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے ہیلتھ مینجرزکی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے معروف یونیورسٹیوں کے تعاون سے ریفریشر کورسز کے انعقاد پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھوں کو دھونے، سرجیکل آلات کو جراثیم سے پاک، ڈسپوزل سرنجوں کو کاٹ کر ضائع اور ہسپتالوں کی ویسٹ کو طے شدہ طریقہ کار کے مطابق تلف کر کے ہی انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انفیکشن کنٹرول کرنے میں روز مرہ کی عادات کو تبدیل کر نے کی اشد ضرورت ہے - انہوں نے کہا کہ عطائی ڈاکٹروں کے خلاف بھ رپور انداز میں مہم جاری ہے ۔