وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی بیجنگ میں چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی اور نائب وزیرتجارت سے ملاقات،کوئی طاقت پاک چین دوستی کو گزند نہیں پہنچا سکتی،چین کی طرح خطے کو تشدد اوردہشت گردی سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں‘ وزیر اعلیٰ پنجاب ،پاک چین اکنامک کوریڈور وزیراعظم کے ترجیحی ایجنڈے میں شامل ہے‘ جنگوں نے بھوک‘ افلاس اور پسماندگی کے سوا کچھ نہیں دیا،پاک چین تعلقات اعتماد اور خلوص نیت کی لازوال بنیادوں پر استوار ہیں‘ دنیا کی کوئی طاقت ہماری دوستی کو نقصان نہیں پہنچا سکتی،وزیراعلیٰ کا پاک چین مشترکہ تعاون کمیٹی سے خطاب‘ امپورٹ ایکسپورٹ بنک کے چیئرمین سے ملاقات‘ چینی صدر کے عشائیے میں شرکت

بدھ 19 فروری 2014 21:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 فروری ۔2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات اعتماد اور خلوص نیت کی لازوال بنیادوں پر استوار ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت پاک چین دوستی کو گزند نہیں پہنچا سکتی۔وہ بدھ کے روز بیجنگ میں چین کے وزیرخارجہ وانگ ژی سے ملاقات کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہرمشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور پاکستان کے عوام قومی اپنی قومی زندگی کے 60برسوں پر محیط چین کے تعاون کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین میں مجھے اور میرے وفد کو جو پذیرائی دی گئی ہے میں اس کے لئے چینی عوام اور حکومت کا شکر گذار ہوں۔ محمد شہبازشریف نے کہا کہ میرے دورے کا بنیادی مقصد توانائی کے شعبے میں چینی تعاون حاصل کرنا ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم چینی حکومت اور سرمایہ کاروں کے تعاون سے اپنے عوام کو لوڈشیڈنگ کے موجودہ عذاب سے نجات دلانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات وقت کی ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال کی آمد کے بعد چین نے جس غیرملکی سربراہ کو خوش آمدید کہا وہ پاکستان کے صدر محترم ہیں۔ چین پاکستان کی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کی ون چائنہ پالیسی کا پرزور حامی ہے۔

ہم بھی چین کی طرح اس خطہ ارضی کو تشدد اور دہشت گردی سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہم نے بھارت سے تین جنگیں لڑی ہیں لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ جنگوں نے دونوں ملکوں کو بھوک‘ افلاس اور پسماندگی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے مجوزہ شاہراہ معیشت (اکنامک کوریڈور) کی بہت اہمیت ہے اور یہ شاہراہ وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کے ترجیحی ایجنڈے میں شامل ہے۔

وزیراعلیٰ نے چین کے نائب وزیر برائے تجارت سے ملاقات کی۔ چینی وزیرنے کہا کہ پاکستان چین کا محض ہمسایہ ہی نہیں ایک عظیم دوست بھی ہے۔ وزیراعلیٰ نے چین کے ایکسپورٹ اینڈ امپورٹ بنک کے چیئرمین لی رواوگ سے بھی ملاقات کی۔ بنک کے حکام نے پنجاب میں کوئلے اور شمسی توانائی سے بجلی پیدا کرنے کے لئے بھاری سرمایہ کاری پر آمادگی کا اظہار کیا۔

محمد شہبازشریف نے اس موقع پر کہا کہ چینی تعاون سے بننے والے منصوبوں پر ممکنہ حد تک تیزرفتاری سے کام کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے بیجنگ میں حکومت پاکستان اور حکومت چین کی مشترکہ تعاون کی کمیٹی کے اجلاس سے بھی خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں توانائی کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر کے میدان میں چینی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ نے چین کے صدرژی جی پنگکی طرف سے دیئے گئے عشائیے میں شرکت کی۔