قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی قائم مقام صدر سردار ایاز صادق سے ملاقات، ملکی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال

بدھ 19 فروری 2014 16:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19فروری 2014ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین سید خورشید احمد شاہ نے قائم مقام صدر سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی امور سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

دونوں قائدین کے مابین اس امر پر اتفاق پایا گیا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اہم ملکی امور پر یک سمت اور یک زبان دکھائی دیتی ہیں اور اس سلسلے میں وہ کسی بھی قربانی دینے سے دریغ نہیں کریں گی۔ سید خورشید احمد شاہ نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے حوالے سے ہونے والے پیش رفت سے قائم مقام صدر کو آگاہ کیا ۔ قبل ازیں انہوں نے سردار یاز صادق کو قائم مقام صدر کا منصب سنبھالنے پر مبارک باد بھی دی۔