حکومت کا برآمدات سے متعلقہ صنعتوں کو ہنگامی بنیادوں پر گیس فراہمی بحال کرنے کا فیصلہ

بدھ 19 فروری 2014 14:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19فروری 2014ء) حکومت نے برآمدات سے متعلقہ صنعتوں کو ہنگامی بنیادوں پر گیس کی فراہمی بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا ، سوئی ناردرن گیس نے (کل) جمعہ 21 فروری سے مذکورہ صنعتوں کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے پر رضا مندی ظاہر کردی۔ بدھ کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں برآمدات سے متعلقہ صنعتوں کو ہنگامی بنیادوں پرگیس کی بحالی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔

وزارت خزانہ میں منعقدہ اجلاس میں وفاقی وزیر پٹرولیم وقدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی ، سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اور وزارت پٹرولیم اور وزارت خزانہ کے سینئر حکام نے شرکت کی ، اجلاس کے دوران برآمدات سے متعلقہ صنعتوں کو گیس کی فراہمی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور طے کیا گیا کہ بہتر موسمی حالات کے پیش نظر نظرثانی شدہ گیس لوڈ مینجمنٹ کے تحت مذکورہ صنعتوں کو گیس کی فراہمی بحال کی جاسکتی ہے اور سوئی ناردرن گیس (کل) جمعہ سے گیس فراہمی کا آغاز کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ ملک کی اقتصادی ترقی کی راہ میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے کیا گیا ہے جس سے برآمدات سے متعلقہ صنعتوں کی کارکردگی میں بہتری لائی جاسکے گی، اس موقع پر ایس این جی پی ایل کی انتظامیہ نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موجودہ حالات میں برآمدات سے متعلقہ صنعتوں کو گیس کی فراہمی (کل) جمعہ سے شروع کر دی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :