مذاکرات معطل ہو چکے ہیں ،وزیر اعظم مایوس نہیں ، مذاکرات کے خواہش مند ہیں ، رحیم اللہ یوسفزئی

بدھ 19 فروری 2014 14:43

مذاکرات معطل ہو چکے ہیں ،وزیر اعظم مایوس نہیں ، مذاکرات کے خواہش مند ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19فروری 2014ء) حکومتی کمیٹی کے رکن اور سینئر تجزیہ کار رحیم اللہ یوسفزئی نے کہا ہے کہ مذاکرات معطل ہو چکے ہیں ،وزیر اعظم مایوس نہیں ، مذاکرات کے خواہش مند ہیں ،عمر خراسانی کی جانب سے ایف سی اہلکاروں کی ہلاکت کا دعوی کیا گیا ،وضاحت طالبان شوری ہی دیگی۔ایک انٹرویومیں رحیم اللہ یوسفزئی نے کہاکہ کراچی میں پولیس اور رینجرز پر دو حملوں اور مہمند ایجنسی میں 23 اہل کاروں کو قتل کرنے پر وزیر اعظم نے کہا کہ یہ امن کے لیے دھچکا ہے تاہم ان واقعات کے باوجود وہ مایوس نہیں ہیں اور چاہتے ہیں مذاکرات جاری رہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ رحیم اللہ نے کہا کہ حکومت کی بنائی ہوئی مذاکراتی کمیٹی برقرار ہے اور مشاورت اور غیر رسمی رابطے جاری رکھے جائیں گے۔

(جاری ہے)

کیا حکومتی کمیٹی نے طالبان اور ان کی قائم کردہ کمیٹی تک اپنی شرائط اور مطالبے پہنچائے ہیں؟ اس کے جواب میں رحیم اللہ یوسف زئی نے کہا کہ کوشش کی جائے گی کہ طالبان کی مذاکراتی کمیٹی تک یہ شرائط پہنچائی جائیں۔

انہوں نے کہاکہ طالبان کی ٹیم پر کوئی الزام نہیں لیکن فیصلے طالبان کی شوری کرتی ہے۔رحیم اللہ نے کہا کہ مہمند ایجنسی کی طالبان کی شاخ کے سربراہ عمر خراسانی کی جانب سے ایف سی اہلکاروں کی ہلاکت کا دعوی کیا گیا تاہم ہم وضاحت جب مانگیں گے تو جواب اور وضاحت طالبان شوری ہی دے گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی کوشش ہو گی کہ کوئی راستہ نکل آئے تاکہ پھر سے بات چیت شروع ہو۔