وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ایچ ایس بی سی بینک کے وفد کی ملاقات

منگل 18 فروری 2014 22:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 فروری ۔2014ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے منگل کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کراچی میں ایچ ایس بی سی بینک کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی ایچ ایس بی سی گروپ کے چیئرمین Shrard Couper Coles کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران وفد نے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ پالیسیاں پاکستان کے لئے معاشی استحکام کا باعث بنیں گی۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے معیشت کی بہتری کے لئے کئے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ جی ڈی پی گروتھ میں بہتری کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی کے اشاریئے مثبت سمت میں نظر آ رہے ہیں جس کی تائید حالیہ دنوں میں آئی ایم ایف نے بھی کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے معاشی ترقی کے لئے کئے گئے اقدامات کے باعث ملک میں سرمایہ کاری فروغ پا رہی ہے کیونکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔

وزیر خزانہ نے ایچ ایس بی سی کی انتظامیہ کی جانب سے پاکستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کو سراہا اور انہیں یقین دلایا کہ اس سلسلے میں حکومت پاکستان ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر ادارے اپنی معاونت فراہم کریں گے۔ وفد نے وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایچ ایس بی سی گروپ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع کا بھرپور فائدہ اٹھائے گا اور باہمی مشاورت سے فنانشل سیکٹر کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرے گا۔

متعلقہ عنوان :