افغان طالبان سے مذاکرات کے لیے افغانستان کا اعلیٰ سطحی وفد دبئی پہنچ گیا،ملاقات ہوجاتی ہے تو یہ امن مذاکرات کی حکومتی کوششوں کے لیے ایک اہم پیش رفت ہو سکتی ہے،برطانوی میڈیا

منگل 18 فروری 2014 20:00

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 فروری ۔2014ء) طالبان رہنماؤں سے مذاکرات کے لیے افغان حکومت کا ایک اعلیٰ سطحی وفد دبئی پہنچ گیا،برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق مندوبین امن مذاکرات کی راہ ہموار کرنا چاہتے ہیں،افغانستان کی اعلیٰ امن کونسل کے ارکان دوروزقبل دبئی پہنچے تھے تاہم اس بات کو خفیہ رکھا گیا ، اعلیٰ امن کونسل اور افغان حکومت کے اہلکاروں نے بھی اس بات کی تصدیق کی ، بتایا گیا ہے کہ اس وفد کی قیادت صدر حامد کرزئی کے ایک اعلیٰ معاون محمد معصوم ستانیزائی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغان مندوبین طالبان کے ایک وفد سے ملنا چاہتے ہیں جن کی قیادت آغا جان معتصم کر رہے ہیں۔ وہ 1996ء سے 2000ء تک کی طالبان کی حکومت کے دوران افغانستان کے وزیر خزانہ تھے۔ اگر امن کونسل کے مندوبین طالبان کے نمائندوں سے ملاقات کرتے ہیں تو یہ امن مذاکرات کی حکومتی کوششوں کے لیے ایک اہم پیش رفت ہو سکتی ہے۔ افغان اہلکاروں کے مطابق انہوں نے رواں برس کے آغاز پر قطر میں طالبان کے اس دھڑے کے نمائندوں سے ملاقات کی تھی جس کی قیادت ملا عمر کر رہے ہیں۔