معیار تعلیم کے فروغ کیلئے موثر اقدامات کر رہے ہیں،عنایت اللہ خان، تعلیم کے بغیر ملک و قوم کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،تعلیم کے فروغ کیلئے حکومت اہم منصوبوں پر عمل پیرا ہے، وزیر بلدیات خیبرپختونخوا

منگل 18 فروری 2014 19:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 فروری ۔2014ء) خیبر پختونخواکے وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت معیار تعلیم کے فروغ کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے کیونکہ معاشرے کی ترقی و خوشحالی معیاری تعلیم سے ہی وابستہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دی نالج سکول گلبہار پشاور کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر سید جمال شاہ،پرنسپل عروج افروز،سراج الدین،طلبہ اور ان کے والدین کے علاوہ معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔سکول پرنسپل مس عروج افروز نے ادارے کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ معاشرے کی ترقی کے لئے آج جدید تعلیم جس کی بناء پر ہم موجودہ چیلنجوں کا بہتر اندازمیں مقابلہ کر سکتے ہیں انتہائی ضروری ہے تعلیم کے بغیر ملک و قوم کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر بلدیات عنایت اللہ خان نے کہا کہ موجودہ حکومت تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم سے ہی گڈ گورننس اور صحت کی سہولتیں میسر آسکتی ہیں۔صوبائی حکومت تعلیم کے فروغ کے لئے کئی ایک اہم منصوبوں پر عمل پیرا ہے تاہم ہر بچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا مشکل ہے جس کے لئے پرائیویٹ سیکٹر آگے بڑھ کر صوبائی حکومت کے شانہ بشانہ اس قومی فریضے کو انجام دے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نجی تعلیمی اداروں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور تعلیم کے فروغ کے لئے ہر سطح پر ان کے ساتھ تعاون کرے گی۔انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے ساتھ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے بھرپور تعاون جاری رکھیں تاکہ قوم کے نونہالوں کو مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے اور ملک و قوم کی ترقی کے لئے انہیں جدید تعلیم سے روشناس کرا سکیں۔قبل ازیں انہوں نے قومی ترانے کی گونج میں قومی پرچم کی پرچم کشائی کر کے سکول کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تقریب سے ڈائریکٹر سکول سید جمال شاہ کا کا خیل اور سراج الدین قریشی نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں سکول انتظامیہ نے وزیر بلدیات کو سکول کی جانب سے کتابوں کا تحفہ پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :