اساتذہ صوبے میں شرح اور معیار تعلیم کوبڑھانے کے لئے سرتوڑ کوششیں کریں ،مشتاق غنی

منگل 18 فروری 2014 19:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 فروری ۔2014ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے اعلیٰ تعلیم کے اساتذہ پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی ماہرانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبے میں شرح اور معیار تعلیم کوبڑھانے کے لئے سرتوڑ کوششیں کریں تاکہ قائد تحریک انصاف عمران خان کا خواب”تعلیم سب کے لئے“ شرمندہ تعبیر ہو سکے۔

ان خیالات کا اظہار آج انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج پشاور میں بی ایس طلباء کے اعزازمیں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر دوسروں کے علاوہ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن خیبر پختونخوا فرح حامد، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج پروفیسر ڈاکٹر عالم زیب اور پشاور کے ڈگری کالجوں کے پرنسپل صاحبان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مشتاق احمد غنی نے کہا کہ تحریک انصاف نے اس صوبے کو مثبت تبدیلی کے ذریعے مثالی صوبہ بنانے کا عزم کیا ہوا ہے اس لئے ہر شعبہ ہائے زندگی میں تبدیلی ضرور لائی جائے گی جس کی وجہ سے صوبے کے غریب اور محروم لوگوں کی زندگی میں انقلاب برپا ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں تبدیلی سابقہ حکومتوں کی طرح صرف خوش کن اور خالی خولی نعرے نہیں ہوں گے بلکہ یہ تبدیلی حقیقی ہوگی اور صوبے کے ہر فرد کو نظر آئے گی اور اس سے ان کی زندگی پر خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے دعویٰ کیاکہ محکمہ صحت ، تعلیم اور سرکاری حکام کے رویوں میں تبدیلی آ چکی ہے اور اب عوامی مسائل حل کرنے سے کوئی اہلکار رو گردانی نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیمی اداروں میں بہتری آنا شروع ہو چکی ہے جس کا مخالفین بھی برملا اظہار کر رہے ہیں۔مشتاق احمد غنی نے کہا کہ بدقسمتی سے بعض سیاسی پارٹیوں کو صوبے میں تحریک انصاف کی مخلوط حکومت کی کامیابی ایک آنکھ نہیں بھاتی اس لئے وہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی مخلوط حکومت نے ان سیاست دانوں کا راستہ ہمیشہ کیلئے بند کر دیاجو سرکاری ٹھیکوں میں30سے40فیصد کمیشن لیتے تھے اور ان کے ترقیاتی منصوبے بمشکل ایک سال بھی نہیں چلتے تھے۔

اب سرکاری ترقیاتی منصوبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ ہوتی ہے اب یہ منصوبے مضبوط اور پائیدار ہوں گے اور مدتوں قائم و دائم رہیں گے۔مشتاق احمد غنی نے اس موقع پر صوبے کی پرانی درسگاہ گورنمنٹ ڈگری کالج کے لئے30لاکھ روپے فنڈ دینے اور کالج میں خالی جگہ پر نیا بلاک بنانے کا اعلان بھی کیا۔

متعلقہ عنوان :