صوبائی وزیراطلاعات کادورہ عوامی شکایات سیل،سیل کو گزشتہ سال جون کے مہینے سے لیکر ماہ رواں تک کل13959عوامی شکایات موصول ہوئی

منگل 18 فروری 2014 19:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 فروری ۔2014ء)خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات ، تعلقات عامہ و آبنوشی شاہ فرمان نے منگل کے روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لئے قائم وزیر اعلیٰ کمپلینٹ سیل کا تفصیلی دورہ کیا۔اس موقع پر کمپلینٹ سیل کے چیئرمین دلدوز خان اور ڈپٹی چیئرمین مکرم آفریدی بھی موجود تھے۔ شکایات سیل کے چیئرمین نے وزیر اطلاعات کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکی ہدایات کی روشنی میں قائم ہونے والے سیل کو گزشتہ سال جون کے مہینے سے لیکر ماہ رواں تک کل13959عوامی شکایات ٹیلی فون،ای میل،فیکس اور درخواستوں کے ذریعے موصول ہوئیں۔

کمپلینٹ سیل نے ان شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے6222شکایات متعلقہ محکموں کو ارسال کیں جن میں اہم نوعیت کی2167شکایات کا فوری ازالہ کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

1951شکایات کے بارے میں چھان بین ہو رہی ہے جن پر بہت جلد متعلقہ محکموں سے جواب موصول ہونے کے بعد کارروائی کی جائے گی۔چیئرمین کمپلینٹ سیل نے بتایاکہ 9841شکایات جو کہ صحیح معلومات فراہم نہ کرنے یا ذاتی نوعیت کے مسائل یانا معلوم لوگوں کی جانب سے موصول ہوئے لیکن کوئی کارروائی نہ ہو سکی جبکہ بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ اور وفاق سے متعلق عوامی شکایات کو بھی متعلقہ وفاقی محکموں کو ارسال کیا گیا جن پر خاطر خواہ عملدرآمدکیا گیا ہے۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات نے ٹیلی فون کے ذریعے براہ راست عوامی شکایات سنیں اور ان کے حل کے لئے فوری ہدایات بھی جاری کیں۔سروبی سے رحمت بی بی نامی معمر خاتون نے انتقال اراضی کے سلسلے میں اپنی شکایت درج کرائی جس پر متعلقہ پٹواری سے تفصیلات حاصل کی گئیں اور معمر خاتون کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے اس کا مسئلہ حل کر دیا گیا جبکہ کالو خان صوابی کے نوجوان کی شکایت پر متعلقہ پولیس سٹیشن کو نوجوان کو فوری انصاف فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔

وزیر اطلاعات کافی دیر تک وہاں موجود رہے اور صحت، تعلیم، آبنوشی،پولیس،بجلی اور گیس سے متعلق عوامی شکایات سننے میں خصوصی دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے ان کے حل کے لئے احکامات بھی جاری کئے۔ اس موقع پر شاہ فرمان نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کی قیادت میں صوبے کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی جس کے لئے حکومت نے مربوط حکمت عملی وضع کی ہے جس کے اثرات بہت جلد ظاہر ہونا شروع ہو جائیں گے۔

شاہ فرمان نے کہا کہ حکومت کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کے نمائندوں کو بھی شکایات سیل آنے کی دعوت دی جائے تاکہ اپوزیشن اراکین بھی عوامی مسائل کے حل میں اپنا مثبت کردار اداکرتے ہوئے حکومتی کوششوں میں ساتھ دیں کیونکہ یہ صوبہ ہم سب کاہے اور یہاں کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔وزیر اطلاعات نے شکایات سیل کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے سراہا اور اس کی استعداد کار بڑھانے کے لئے تجاویز بھی پیش کیں۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی شکایات کے سلسلے میں مناسب معلومات کے ساتھ وزیر اعلیٰ کمپلینٹ سیل کو اپنی شکایات ارسال کریں تاکہ ان پر فوری کارروائی کی جاسکے۔