نوجوان ملک کا مستقبل ہیں ،بہتر تعلیم وتربیت ہی ملک کو ترقی کی طرف لے جاسکتی ہے،گورنرخیبرپختونخوا،200 زہین طلباء کوسکالرشپ کااجراء بدستورجاری رہے گااور اس تعداد کوجلدہی دگناکردیاجائیگا،تقریب سے خطاب

منگل 18 فروری 2014 19:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 فروری ۔2014ء) گورنر خیبرپختونخواانجینئرشوکت اللہ نے کہاہے کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور ان کی بہتر تعلیم وتربیت ہی ملک کو ترقی کی طرف لے جاسکتی ہے۔وہ منگل کے روزگورنرہاوس پشاورمیں فاٹا سے تعلق رکھنے والے پوزیشن ہولڈراورذہین طلباو میں ایواڈز کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ200 زہین طلباء کوسکالرشپ کااجراء بدستورجاری رہے گااور اس تعداد کوجلدہی دگناکردیاجائیگاجبکہ صدرمملکت ممنون حسین کے اعلان کے مطابق فاٹا کے ذہین طلباء کودیئے جانے والے سکالرشپ کی تعداد بھی بڑھائے جائیگی۔

انہوں نے مختلف تعلیمی بورڈ زاورکالجز کی سطح پرپاکستان بھرمیں فاٹا سے تعلق رکھنے والے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے ذہین طلباء کیلئے لیپ ٹاپ دینے کا بھی اعلان کیا۔

(جاری ہے)

گورنر نے طلباء پر زور دیا کہ وہ معیاری تعلیم کے حصول پر اپنی توجہ مرکوزرکھیں اورتعلیم کے ساتھ ساتھ صحتمندانہ سرگرمیوں کو اپناتے ہوئے ہرشعبے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ حقیقی معنوں میں ملک وقوم کی خدمت کی جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں اور فاٹا کے طلباء کو بہترتعلیم کے مواقع اور تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے پوزیشن ہولڈرطلباء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ طلباء ہی ملک وقوم کاحقیقی سرمایہ ہیں ا اورہمیں آپ پرفخرہے ۔ا ور آپ کی کامیابی سے ہی ملک و قوم کا خوشحال مستقبل وابستہ ہے۔انہوں نے کہاکہ قبائلی طلباء صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں بشرطیکہ انہیں تعلیم وتربیت کے موزوں مواقع فراہم کئے جائیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم فاٹا میں امن چاہتے ہیں تا کہ قبائلی عوام جدید تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوکر ملک وقوم کا نام روشن کریں۔ انھوں نے مذید کہا کہ ماضی میں فاٹا کے طلباء کو جدید خطوط پر تعلیمی سہولیات مہیا کرنے کیلئے خاطرخواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے ۔ لیکن اس کے باوجود قبائلی بچوں نے نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پربھی تعلیم کے شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور ملک و قوم کا نام روشن کیا۔

گورنر نے کہا کہ کہ قبائلی طلباء کو ملکی ترقی میں موثر کردار کاحامل بنانے اور انہیں مستقبل کے چیلنجز کامقابلہ کرنے کے قابل بنانے کیلئے دیگر ترقی یافتہ علاقوں کی طرز پر مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انھوں نے یقین دلایا کہ فاٹا کے طلباء کو جدید خطوط پر تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے اور فاٹا کے تعلیمی اداروں کو مالی وسائل کے ساتھ ساتھ ترقی یافتہ علاقوں کی طرز پر تمام تر تکنیکی سہولیات بھی مہیاکی جائیں گی۔

اور مزید تعلیمی منصوبوں کے ساتھ ساتھ نئے تعلیمی اداروں کا قیام بھی عمل میں لایاجا ئے گا۔اس موقع پرسیکرٹری فاٹا ایس ایس ڈی سردار محمدعباس ،ڈائریکٹرفاٹانوراللہ خان،پروجیک ڈائریکٹرحکیم جان، فاٹاسیکرٹریٹ کے اعلی حکام ،اساتدہ اورفاٹا سے تعلق رکھنے والے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :