پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، آئی ٹی کمپنیوں کو بین الاقوامی معیار پر لانے کیلئے انٹرنیشنل سرٹیفکیٹس کا آغاز کریگا ،انوشہ رحمن،وزارت انفارمیشن اور سافٹ ویئرایکسپورٹ بورڈ آئی ٹی کی مصنوعات کی نمائش میں شرکت کرینگے ،اجلاس میں فیصلہ

منگل 18 فروری 2014 19:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 فروری ۔2014ء) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی مس انوشہ رحمن نے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کو حکم دیا ہے کہ وہ معیاری آئی ٹی کمپنیوں کیلئے انٹرنیشنل سرٹیفکیٹس کے پروگرام کا آغاز کریں تاکہ انہیں بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔ وہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے بائیسویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کررہی تھیں ۔

وفاقی سیکریٹری آئی ٹی اخلاق احمد تارڑ اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر عامر ملک ،سلیم غوری بھی اجلاس میں موجود تھے۔وزیر مملکت نے پی ایس ای بی کے زیراہتمام چلنے والے منصوبوں کا جائزہ لیا اور ایم ڈی پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈکو ہدایات جاری کیں کہ وہ پی ایس ای بی کو مزید مٴوثر اور فعال بنانے کیلئے حکمت عملی وضع کریں تاکہ ان منصوبوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جا سکے۔

(جاری ہے)

بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور پاکستان سافٹ ویئرایکسپورٹ بورڈ آئی ٹی کی مصنوعات کی نمائش میں شرکت کریں گے تاکہ آئی ٹی کمپنیوں کو اپنی مصنوعات مقامی اور بین الاقوامی منڈی میں متعارف کروانے کے مواقع میسر آسکیں۔وزیر مملکت نے پی ایس ای بی کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کہ وہ لاہور میں آئی ٹی پارک کے قیام کیلئے مختص کی گئی زمین کے حصول کیلئے اپنی کاوشیں بروئے کار لائیں تاکہ آئی ٹی پارک کے قیام کے منصوبے پر کام شروع ہوسکے۔

انوشہ رحمن نے کہا کہ ورلڈ بنک کے ذریعے ٹیکنیکل ایڈوائزر کی تقرری کیلئے تحرک کیا جا رہا ہے جو کہ ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر کے منصوبے میں معاونت کرینگے تاکہ منصوبے کو مطلوبہ معیار کے مطابق جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔وزیرمملکت نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی ترقی کے اس دور میں پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔ اس کے ذریعے نہ صرف آئی ٹی کی بین الاقوامی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جا سکتی بلکہ مقامی کمپنیوں کے مابین مسابقت کی فضا قائم کر کے انہیں مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :