میرے ساتھ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں ، توقیر صادق

منگل 18 فروری 2014 16:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18فروری 2014ء ) اوگرا کرپشن کیس کے مرکزی ملزم توقیر صادق نے کہا ہے کہ ان کے ساتھ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں ،پہلے دائر کیے گئے ریفرنس میں کچھ کمی بیشی ہے جن کو دور کرنا ضروری ہے۔منگل کو اوگرا کرپشن کیس کے مرکزی ملزم توقیر صادق کو آج احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔

توقیر صادق نے موقف اختیار کیا کہ ان کے ساتھ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی جا رہی ہے، اس کیس میں کئی اہم سیاسی شخصایات بھی اثرانداز ہیں، اس موقع پر میڈیا کا کمرہ عدالت میں ہونا ضروری ہے، توقیر صادق نے کہاکہ پہلے دائر کیے گئے ریفرنس میں کچھ کمی بیشی ہے جن کو دور کرنا ضروری ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ آپ ہمیں لکھ کر دے دیں ہم اس کا جائزہ لے لیں گے اوگرا کرپشن کیس کے نامزد ملزم منصور مظفر کے وکیل محمد صادق مغل نے عدالت کو حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک کیس میں امین فارقی کو جب احتساب عدالت پیش کیا گیا تو ان کے ہاتھوں سے ہتھکڑیاں ہٹا دی گئی تھیں توقیر صادق کے ساتھ ایسا سلوک نہیں برتا گیا جس پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے پولیس حکام کو حکم دیا کہ ملزم کو اگر ہتھکڑی لگانا لازم ہے تو ایک ہاتھ میں ہتھکڑی لگا کر عدالت پیش کیا جائے تاکہ ملزم کو دستخط کرنے میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔

(جاری ہے)

فاضل جج نے توقیر صادق کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرتے ہوئے سماعت 5 مارچ تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :