دہشتگرد بم دھماکے کرکے ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں ،سینیٹر عاجز دھامرہ

منگل 18 فروری 2014 16:15

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18فروری 2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر عاجز دھامرہ نے کہا ہے کہ دہشتگرد بم دھماکے کرکے ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں ،انسانیت کے روپ میں درندہ صفت لوگ بیگناہ لوگوں کا قتل عام کررہے ہیں ،ملک میں دہشتگرد کارروائیاں کرنیوالے اقلیت میں ہیں، ان کیخلاف کارروائی کی جائے اور ملک میں امن کی فضا قائم کی جائے، بلاول بھٹو زرداری نے دہشتگردی کے خلاف بہادری سے اپنا موقف پیش کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد کے قصبہ حاجی رسول بخش کٹوہر میں سماجی تنظیم سکار فاوٴنڈیشن کی جانب سے منعقدہ واش سہولت کے پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،سینیٹر عاجز دھامرہ نے سماجی تنظیم سکار فاوٴنڈیشن کی جانب سے ٹھل تحصیل کے اسکولوں میں بنائے گئے 25واش روم کا بھی افتتاح کیا، سینیٹر عاجز دھامرہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ سندھ میں تعلیم کی تباہی کے ذمیدار سردار اور میر ہے ہم سب کو ملکر اس ملک میں تعلیم عام کرنے کے لیے جدوجہد کرنی ہوگی ، انہوں نے کہا کہ تعلیم کی کمی کی وجہ سے ملک میں بدامنی پھیلی ہوئی ہے تعلیم یافتہ لوگ معاشرے کے اہم فرد ہوتے ہیں تعلیم کی عام کرکے ہم ملک کو امن کا گہورا بنا سکتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ سندھ امن اور بھائی چارے کی سرزمین ہے اب دہشتگردوں نے سندھ میں بھی اپنی کاروائیاں شروع کردی ہے دہشتگردوں کی کاروائیوں کو روکنے کے لئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، تقریب سے سکار فاوٴنڈیشن کے سی ای او عابد علی چنہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی بہتری کے لےئے ایمرجنسی نافذ کرنی ہوگی ،ہمیں اپنے بچوں کی تعلیم پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ،اسکولوں میں واش روز کی سہولت فراہم کرکے دلی خوشی محسوس ہورہی ہے، انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم انسان کا بنیادی حق ہے ،تقریب سے پیپلز پارٹی کے ضلع صدر محمد پناہ اوڈھو، حاجی عبدالستار بروہی، سردار ذوالفقار سرکی، سید عبدالنبی شاہ، ذوالفقار عکی کلہوڑو، حاکم کٹوہر اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔