سپریم کورٹ کی جانب سے حکومت کی اضافی ٹیکس پر نظرثانی کی درخواست مسترد کرنا مفاد عامہ میں ہے‘سید بلال شیرازی

منگل 18 فروری 2014 16:11

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18فروری 2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ سی این جی پر9فیصد اضافی ٹیکس مہنگائی کا سبب بن رہا ہے ،عدالت عالیہ کی جانب سے حکومت کی اضافی ٹیکس پرنظرثانی کی درخواست مسترد کرنا مفاد عامہ میں ہے کیونکہ ٹرانسپورٹیشن میں اضافہ سے تمام اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوجاتا ہے ،عوام مہنگائی کے ہاتھوں پس رہے ہیں جبکہ حکومت ان پر غیر قانونی ٹیکسوں کے نفاذ میں مصروف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں پر بھی فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز، انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس سمیت تمام دیگر مدوں میں لگائے گئے چارجز بھی فی الفور واپس لیے جائیں کیونکہ ان ٹیکسز کی وجہ سے بجلی کے بلوں میں اضافہ سے عوام پریشانی کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

سید بلال شیرازی نے ادارہ شماریات کی جانب سے فروری میں مہنگائی میں اضافہ اور آٹے، دالوں،گوشت خشک دودھ سمیت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کی رپورٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غذائی اشیاء کے نرخوں میں اضافوں سے غریب اور سفید پوش طبقہ متاثر ہورہا ہے اور غریب عوام اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ سے پریشانی کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہوشربا مہنگائی کے باعث عوام چودھری پرویز الہٰی دور کو یاد کررہے ہیں جن کی پالیسیوں کی بدولت مہنگائی کنٹرول میں تھی اورپنجاب خوشحالی اور ترقی کی راہوں پر گامزن تھا۔

متعلقہ عنوان :