پنجاب یوتھ فیسٹول میں 100 نئے ریکارڈ قائم کر کے پاکستان کا نام روشن کریں گے‘ رانا مشہوداحمد خاں

منگل 18 فروری 2014 13:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18فروری 2014ء) صوبائی وزیرتعلیم‘ سیاحت و کھیل رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ پنجاب یوتھ فیسٹول میں 100 نئے ریکارڈ قائم کر کے پاکستان کا نام روشن کریں گے، دنیا کا سب سے بڑا انسانی پرچم بنانے کا ریکارڈ قائم کرنے والے طلبامبارکباد کے مستحق ہیں، 24 فروری کو پنجاب یونیورسٹی نیوکیمپس میں ڈیڑھ لاکھ افراد قومی پرچم لہراتے ہوئے قومی ترانہ پڑھ کر نئے عالمی ریکارڈ قائم کریں گے۔

صوبائی وزیرکھیل رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت پنجاب کھلاڑیوں کی مدد اور کھیلوں کی ترویج کے لئے 2 ارب روپے سے سپورٹس انڈومنٹ فنڈ قائم کر رہی ہے۔ صوبے بھر کے ٹیلنٹڈ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو جلا بخشنے کے لئے سپورٹس یونیورسٹی بھی قائم کریں گے۔

(جاری ہے)

5 سال سے پنجاب یوتھ فیسٹول کا انعقاد خادم اعلیٰ کی نوجوانوں سے خصوصی وابستگی کا ثبوت ہے۔

تمام اضلاع میں فٹبال‘ ہاکی‘ کرکٹ کے نئے گراؤنڈ‘ کراٹے‘ مارشل آرٹ وغیرہ کے لئے خصوصی میٹ ‘ سکواش‘ والی وال وغیرہ کے کورٹس بنائے جا رہے ہیں اور تعمیرو مرمت بھی جاری ہے۔ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایت پر اضلاع میں انڈرور گیمز کے لئے جمنیزیم بھی قائم کئے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیرکھیل نے بتایا کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے نمائندے لیوویگر نے بھی دنیا کا سب سے بڑا عالمی پرچم بنانے کی تقریب میں پاکستانی نوجوانوں کے ڈسپلن کو سراہا‘ عالمی ریکارڈ بننے کا اعلان ہوتے ہی نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں طلبا‘ شائقین‘ حاضرین ا ور مہمانوں کا جوش و خروش اور وطن عزیز سے وابستگی اور الفت کے جذبات دیدنی تھے‘ کھیل نہ صرف نوجوانوں کو صلاحیتوں کے اظہار کا مثبت طریقہ فراہم کرتے ہیں بلکہ تمام صوبوں اور معاشرے کے طبقات میں باہمی ہم آہنگی اور حب الوطنی کے فروغ کا سبب بھی بنتے ہیں۔

رانا مشہود احمد نے کہا کہ پنجاب یوتھ فیسٹول میں 29 نوجوان گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروا چکے ہیں۔ امسال پنجاب یوتھ فیسٹول کے دوران 100 نئے ریکارڈ قائم کریں گے کیونکہ پاکستانی نوجوانوں نے ہمت‘ جوش و جذبے اور ولولے سے ثابت کر دیا ہے کہ ہم کسی سے کم نہیں۔ صوبائی وزیر کھیل نے مزید کہا کہ سالانہ پنجاب یوتھ فیسٹول اب ایک تحریک بن چکا ہے جو تاریخ میں پنجاب کی ثقافت کا حصہ بن کر لکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :