کراچی،لیاری میں رینجرز اور پولیس کامشترکہ سرچ آپریشن ، گینگ وار کے پانچ ملزمان گرفتار ، بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیاگیا،ایس ایم جی، راکٹ لانچر، 8 گولے، ایم فور رائفل، نائن ایم ایم پستول، آواران بم، نیٹو کا لوٹا گیا جدید ترین اسلحہ اور سمیں برآمد کرلی گئی ہیں،ڈاکس تھانے کی پولیس اور گذری پولیس نے ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیاجبکہ پولیس نے سول اسپتال سے لیاری گینگ وار کا ملزم پکڑ لیا

پیر 17 فروری 2014 22:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 فروری ۔2014ء) لیاری کے علاقے دھوبی گھاٹ میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران گینگ وار کے پانچ ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع پر لیاری کے علاقے دھوبی گھاٹ میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔ مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لئے رینجرز اور پولیس نے گھر گھر تلاشی لی۔

اسی دوران رینجرز اور پولیس نے گینگ وار کے پانچ ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایس ایم جی، راکٹ لانچر، 8 گولے، ایم فور رائفل، نائن ایم ایم پستول، آواران بم، نیٹو کا لوٹا گیا جدید ترین اسلحہ اور سمیں برآمد کرلی گئی ہیں۔ ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ یہ اسلحہ یہاں کیسے پہنچا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ڈاکس تھانے کی حدود میں پولیس نے دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان قتل اور ڈکیتی کی 50 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزمان کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ادھر گذری پولیس نے بھی ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ پولیس نے تفتیش کے لئے ملزم کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

پولیس نے سول اسپتال سے لیاری گینگ وار کے ملزم سعید بلاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ہے۔ سعید بلا کا تعلق لیاری گینگ وار کے بابا لاڈلا گروپ سے بتایا جاتا ہے۔ گرفتار ملزم کی نشاندہی پر ہی پولیس اوررینجرز نے لیاری کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر لیاری گینگ وار کے 5 ملزمان کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمدکیا ہے۔