خیبرپختونخواحکومت نے صوبے میں ڈینگی بخارکے تدارک کیلئے پلان تشکیل دیدیا ، شہروں اور دیہات کی سطح پرڈینگی کے علاج کی تمام سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے سٹریٹیجک پلان تشکیل

پیر 17 فروری 2014 22:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 فروری ۔2014ء) صوبائی حکو مت نے رواں موسم گرما میں صوبے میں ڈینگی بخار کے متوقع پھیلاؤ کے تدارک اور اس پر قابو پانے کیلئے مو ثر احتیاطی اقدامات کے علاوہ شہروں اور دیہات کی سطح پرڈینگی کے علاج کی تمام سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے سٹریٹیجک پلان تشکیل دیا ہے جس پر عمل درآمد کیلئے فوری طور پر6 کروڑ روپے کا فنڈ مختص کر دیا گیا ہے صوبے میں ڈینگی بخار کے متوقع پھیلاؤ کے تدارک کے سلسلے میں پیشگی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی زیر صدارت سی ایم سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہواجس میں پلان کا تفصیلی جائزہ لینے کے علاوہ ضروری فیصلے کئے گئے صوبائی وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اقتصادی اُمور رفاقت اللہ بابر، سیکرٹری صحت، سیکرٹری داخلہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری، کمشنر ملاکنڈ، کمشنر ہزارہ اور ڈپٹی کمشنرز کے علاوہ محکمہ ہائے صحت، بلدیات، زراعت اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی پلان کے تحت ڈینگی کی بروقت اطلاع ، سرویلنس اور ادارہ جاتی انتظامات اور رابطوں کو مزید مربوط بنانے، آگہی مہم چلانے اور ڈینگی بخار کا باعث بننے والے اسباب کے تدارک کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں گے جن پر عملدرآمد کیلئے صوبائی سطح پر ایک ٹاسک فورس تشکیل دیا گیا اسی طرح ڈویژنل سطح پر اور سائٹ اور ٹیکنیکل کمیٹیاں جبکہ اضلاع کی سطح پر ڈسٹرکٹ ڈینگی کنٹرول ٹیمیں تشکیل دی گئیں عوامی آگہی مہم کے سلسلے میں بڑے پیمانے پر لوگوں کو ڈینگی بخار اور اس کے سد باب سے متعلق آگہی دینے کیلئے لیڈی ہیلتھ ورکرز، اساتذہ اور محکمہ زراعت کے عملے کو ضروری تربیت دینے کے ساتھ ساتھ اس مقصد کیلئے کمیونٹی رضا کاروں، علماء، مساجد کے پیش اماموں اور پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی خدمات حاصل کی جائیں گی اسی طرح تعلیمی اداروں میں بھی آگہی مہم شروع کی جائے گی سیکرٹری محکمہ صحت غلام قادر نے ڈینگی بخار پر قابو پانے کیلئے محکمے کی تیاریوں اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں اجلاس کے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی انہوں نے بتایا کہ شمالی وجنوبی اضلاع کے کو ہستانی علاقوں میں ڈینگی وائرس پھیلنے کے خدشات زیادہ ہیں جس سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے محکمہ صحت نے دوسرے متعلقہ محکموں اور اداروں کے اشتراک سے مناسب تیاریاں مکمل کر لی ہیں اسکی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بیماری کی روک تھام کیلئے پیشگی اطلاع کا نظام وضع کرنے کے ساتھ ساتھ کیس رپورٹنگ نظام کو بھی مربوط بنایا گیا ہے جبکہ تمام اضلاع کو اس سلسلے میں کوآرڈینیشن اور ٹیکنیکل سپورٹ بھی فراہم کیا جا رہا ہے اسی طرح ڈینگی بخار کے تدارک کیلئے درکار اشیاء کی خریداری کا عمل شروع کردیا گیاہے اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈینگی کنٹرول ٹیموں کو ضروری تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مریضوں کے فوری علاج کیلئے طبی مراکز میں فیور کاؤنٹرز بھی بنائے جا رہے ہیں اسی طرح ڈینگی وائرس کے نشو و نما کو روکنے کیلئے میونسپل قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور بلدیاتی عملے کی خدمات بروئے کار لانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اس موقع پر بتایا گیا کہ ڈینگی سے بچاؤ کیلئے ڈینگی وائرس کی نشو و نما پانے والی جگہوں کو ختم کرنے اورصفائی پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور اس سلسلے میں عوام کو آگہی دینے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیلئے خصوصی عوامی بیداری مہم شروع کی جائے گی وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر صحت شوکت یوسفزئی کو ہدایت کی کہ وہ اس سارے معاملے کی بذات خود نگرانی کریں تا کہ ڈینگی کے متوقع پھیلاؤ کے تدارک کیلئے ترتیب دیئے گئے اس منصوبے کی کامیابی کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جا سکے اُنہوں نے واضح کیا کہ میں طبی مراکز کی سطح پر فائرنگ اور ملیریا کے ٹیسٹ اور علاج کی خاطر بندوبست ہونا چاہیئے جبکہ مارکیٹ میں لیبارٹری ٹیسٹ کے نرخ بھی انتہائی واجبی نرخ مقرر کر کے صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے انہوں نے کہا کہ پرہیز علاج سے زیادہ بہتر ہے اس لئے نہ صرف حکومتی ادارے بلکہ عوام بھی اس بیماری سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اور حفظ ما تقدم پر توجہ دیں گھروں اور گلی کوچوں میں صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور ڈینگی وائرس کی نشو ونما کا باعث بننے والے اسباب کا سد باب کیا جائے وزیرا علیٰ نے کہا کہ مہم کے دوران عوام کو یہ بتانا ضروری ہے کہ چونکہ ڈینگی لاروا صاف پانی میں پلتا ہے اس لئے گملوں، تالابوں، ایئر کنڈیشنز سے نکلنے والے پانی کے برتنوں اور ٹائروں میں پانی کھڑا نہ رہنے دیں اور اُن پر تیل و سپرے کا چھڑکاؤ بھی کریں اجلاس میں پشاور یونیورسٹی سے انیٹا مالوجی کے شعبے سے فارغ ہونے والے طلباء کو چھ ماہ کی مدت کیلئے بحیثیت اینٹا مالوجسٹ بھرتی کرنے کی بھی منظوری دی گئی جنکی خدمات اضلاع کی سطح پرحاصل کرکے مہم کو کامیاب بنایا جائے گا اسی طرح محکمہ زراعت کا عملہ اور اینٹامالوجسٹ بھی فصلوں اور کھڑے پانی میں ڈینگی لاروے پر نظر رکھ کر ان کی تلفی کیلئے محکمہ صحت کے اشتراک سے کام کریں گے۔

متعلقہ عنوان :