کراچی آپریشن پرایم کیو ایم کے خدشات ہیں،جس کا وزیر اعظم اور وزیر اعلی نے نوٹس لے لیا ہے،ڈاکٹرعشرت العبادخان،دہشت گردوں اور مجرموں کے خلاف کارروائی کے لئے بلند حوصلے چاہئیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے مشکل حالات میں کام کررہے ہیں،گورنرسندھ

پیر 17 فروری 2014 21:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 فروری ۔2014ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہاہے کہ کراچی آپریشن پرایم کیو ایم کے خدشات ہیں،جس کا وزیر اعظم اور وزیر اعلی نے نوٹس لے لیا ہے، دہشت گردوں اور مجرموں کے خلاف کارروائی کے لئے بلند حوصلے چاہئیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے مشکل حالات میں کام کررہے ہیں، کچھ علاقوں میں جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کو سائٹ ایسو سی ایشن کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرکی افتتاحی تقریب کے موقع پرصحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔گورنرسندھ نے کہا کہ جب سے کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن شروع ہوا ہے تب سے جرائم پیشہ عناصر اسے ناکام بنانے کی کوششیں کررہے ہیں،آپریشن کی کامیابی کے لئے ہمیں حوصلہ رکھنا ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ کراچی آ پریشن میں کارکنان کی ہلاکت پر ایم کیو ایم کو شدید خدشات لاحق ہیں ، جس کا وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں قانون نافذ کرنے والے ادار ے کام کر رہے ہیں ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو کراچی کے حالات پر شدید تحفظات تھے ، بزنس کمیونٹی کا مطالبہ تھا کے سیکوریٹی کی صورتحال بہتر بنائی جائے۔انہوں نے کہاکہ سی پی ایل سی کے تعاون سے شہر کے مختلف علاقوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جارہے ہیں ۔شہر کے مختلف تجارتی علاقوں میں بھی کیمرے لگائے جائیں گے ۔

اس کے ساتھ شہر کے مختلف صنعتی زون میں بھی کیمرے لگائے جائیں گے ۔گورنرسندھ نے بتایاکہ پہلے مرحلے میں 1000کیمرے شہر بھر میں لگائے جا رہے ہیں جبکہ سائٹ میں بھی 40مقامات پر 142کیمرے لگائے گئے ہیں امید ہے امید ہے ان اقدامات سے جرائم میں مزید کمی آئے گی۔اس موقع پر کراچی پولیس کے سربراہ شاہد حیات، سی پی ایل سی کے چیف احمد چنائے ،کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی ، ایڈ منسٹریٹر کراچی رؤف اختر،سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سرپرست اعلیٰ اور معروف بزنس مین سراج قاسم تیلی، چیئرمین سائٹ ایسوسی ایشن یونس بشیر ،وزیراعلیٰ سندھ کے سابق مشیرزبیر موتی والاسمیت تاجروصنعتکاروں کی ایک بڑی تعدادموجود تھی ۔