حکومت اور اپوزیشن اراکین کا پارلیمنٹ لاجز میں سیکیورٹی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر شدید احتجاج ،پارلیمنٹرین اپنے مسائل حل نہیں کرا سکتے تو عوام کے مسائل کیسے حل کرینگے ، رفیق رجوانہ ، حاجی عدیل،قائد ایوان اراکین کی تشویش سے وزیراعظم کو آگاہ کریں، قائمقام چیئرمین صابر بلوچ

پیر 17 فروری 2014 20:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 فروری ۔2014ء) حکومت اور اپوزیشن اراکین نے پارلیمنٹ لاجز میں سیکیورٹی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اگر پارلیمنٹرین اپنے مسائل حل نہیں کر اسکتے تو عوام کے مسائل کیسے حل کرینگے جبکہ قائمقام چیئرمین نے قائد ایوان راجہ ظفر الحق کو ہدایت کی کہ وہ اراکین کی تشویش سے وزیراعظم کو آگاہ کریں۔

پیر کو سینیٹ کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ کے سینیٹر رفیق رجوانہ نے کہا کہ پارلیمنٹ لاجز کی حالت خستہ ہے اس سے بہتر ہے کہ ہمیں کچی آبادی میں کوارٹر آلاٹ کر دیا جائے دنیا سمجھتی ہے کہ ہم خوبصورت جگہ پر رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ منظور نظر لوگوں کے فرنیچر تبدیل کئے گئے لیکن دیگر اراکین پر توجہ نہیں دی گئی سیوریج کا نظام انتہائی ناقص ہے درخواست دے دے کر تھک گئے ہیں نہ وہ کوئی مہمان بلا سکتے ہیں اور نہ کسی کو بٹھا سکتے ہیں ہم احساس محرومی میں مبتلا ہیں اگر ہم اپنے مسائل حل نہیں کرا سکتے تو عوام کے مسائل کیسے حل کرینگے ۔

(جاری ہے)

نکتہ اعتراض پر عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماء سینیٹر حاجی عدیل نے پارلیمنٹ لاجز میں سیکورٹی اورصفائی کے باقص انتظامات پر غصے کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ ایک عرصہ سے پارلیمنٹ میں لاجزمیں بلیوں اورچوہوں کی بھرمارہے،ایک عرصہ سے ارکان پارلیمنٹ ”ٹام اینڈجیری“کے ساتھ رہنے پر مجبور ہیں ،پارلیمنٹ لاجز میں بلیوں اورچوہوں کی بھر مارہے ان کے خاتمے کے لیے آج تک کوئی اقدام نہیں کیا اوریہ مسئلہ پہلے بھی کئی بار اس ایوان میں اٹھاچکے ہیں ،ان کا کہنا تھا کہ معززارکان پارلیمنٹ جانوروں کے ساتھ رہ رہے ہیں ،انہوں نے چیئرمین سینیٹ سے مطالبہ کیاکہ وہ اس سلسلے میں سی ڈی اے کوہدایت کریں کہ وہ ان کی شکایات کا ازالہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ گیزر کام نہیں کر رہے یہ گیزر اس زمانے کے ہیں جب یہ بلڈنگ بنی سردیوں میں ٹھنڈے پانی سے وضو کیا اور بدعائیں دیں وزراء کے کمروں کو بہت اچھا بنا دیا گیا لیکن دیگر اراکین پر توجہ نہیں دی جا رہی ۔ نکتہ اعتراض پر ایم کیو ایم کے سینیٹر عبد الحسیب خان نے کہا کہ میری پارلیمنٹ لاجز میں چوری ہو گئی آج تک برآمدگی نہیں ہوسکی ۔ اس موقع پر قائمقام چیئرمین نے ہدایت کی کہ ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس بلا کر چیئرمین سی ڈی اے کو بلایا جائے تاکہ اراکین کا مسئلہ حل ہو جائے۔

انہوں نے تجویز دی کہ پارلیمنٹ لاجز کا جو نیا بلاک بنایا گیا ہے اسکے 110 اپارٹمنٹس ہیں اس حوالے سے چیئرمین سینیٹ نے بھی رولنگ دی ہوئی ہے 104 اپارٹمنٹس سینیٹر کے حوالے کر دیئے جائیں انہوں نے قائد ایوان سے ہدایت کی وہ اس معاملے کو وزیراعظم کیساتھ اٹھائیں۔