سعودی عرب کیساتھ تعلقات اسلامی شناخت، مشترکہ ثقافتی ورثہ اور عالمی امور کے تمام ایشوز پر یکساں موقف پر مبنی ہیں ، پرویز رشید ،دونوں ممالک ہم آہنگی اور یکجہتی کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے ،موجودہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے ،وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کی سعودی ہم منصب ڈاکٹر عبد العزیز بن محی الدین خوجہ سے گفتگو

پیر 17 فروری 2014 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 فروری ۔2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ سعودی عرب کیساتھ تعلقات اسلامی شناخت، مشترکہ ثقافتی ورثہ اور عالمی امور کے تمام ایشوز پر یکساں موقف پر مبنی ہیں ،دونوں ممالک ہم آہنگی اور یکجہتی کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے ،موجودہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے۔

وہ پیر کو یہاں سعودی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر عبدالعزیز بن محی الدین خوجہ کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے تعلقات اسلامی شناخت، مشترکہ ثقافتی ورثہ اور عالمی امور کے تمام ایشوز پر یکساں موقف پر مبنی ہیں۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کی مقدس سرزمین کے ساتھ گہری محبت اور عقیدت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میڈیاکو اسلام کے متعلق منفی پراپیگنڈہ کے خاتمہ کیلئیموثر ذریعہ کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے جو امہ کے حقیقی تشخص کو اجاگر کر سکتا ہے۔ وزیر اطلاعات نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان پاک سعودی میڈیا فرینڈشپ فورم کے مجوزہ تصور کو حقیقی شکل دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ یہ فورم نہ صرف دوطرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے موثر ثابت ہو گا بلکہ ایک دوسرے کی ثقافت سے آگاہی میں بھی مدد دے گا اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے دوروں کا موقع فراہم کرنے کے علاوہ ایک دوسرے کے تجربات اور بہترین صلاحیتوں سے آگاہی کیلئے بھی معاون ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے اور میڈیا کو ملکی ترقی اور عوامی دلچسپی کے ایشوز کو اجاگر کرنے کے سلسلہ میں اپنا شراکت دار تصور کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ایم او یوز اور بالخصوص ثقافت اور میڈیا کے شعبوں میں پراجیکٹس پر موثر عمل درآمد کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مشترکہ پروڈکشنز، اطلاعات اور خبروں کے تبادلہ اور دونوں ممالک کے حقیقی تشخص اور ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی دستاویزی پروگرام تیار کرنے کیلئے کام کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کلچر اور انفارمیشن کے شعبہ میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون سے نہ صرف دوطرفہ تعلقات میں اضافہ ہو گا بلکہ امت مسلمہ کے تشخص کو موثر طور پر اجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

سعودی وزیر ثقافت و اطلاعات نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت کے مسلسل دوروں کی ضرورت پر زور دیا۔