Live Updates

سینٹ اجلاس ، عمران خان کے سینٹ اراکین پر پیسوں کے عوض رکنیت خریدنے کے الزام کیخلاف حکومت اور اپوزیشن کا شدید احتجاج ،تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت سے پیش کی گئی تحریک سینٹ کی قائمہ کمیٹی استحقاق کو بھجوا دی گئی ،امریکہ عمران خان کو ڈالر دے رہا ہے ،تحریک انصاف کے سربراہ اپنی طرح سب کو بکاؤ مال سمجھ رہے ہیں ، سینیٹر عبد النبی بنگش ، عمران خان کے ملک کے دفاعی اور پارلیمانی اداروں پر مختلف بیانات آرہے ہیں ، ہر بیان جلتی پر تیل کا کام دکھا رہا ہے ، سینیٹر لالہ عبد الرؤف ،ماہر نفسیات ہوں ، عمران کا چیک اپ کئے بغیر ان کی ذہنی حالت بارے کوئی رائے نہیں دے سکتا ،سینیٹر کریم خواجہ

پیر 17 فروری 2014 20:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 فروری ۔2014ء) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے سینٹ اراکین پر پیسوں کے عوض رکنیت خریدنے کے الزام کیخلاف سینٹ میں حکومت اور اپوزیشن نے یک زباں شدید احتجاج کیا ، تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت سے پیش کی گئی تحریک سینٹ کی قائمہ کمیٹی استحقاق کو بھجوا دی گئی۔پیر کو قائمقام چیئرمین سینٹ صابر بلوچ کی زیر صدارت اجلاس میں سینیٹر زاہد خان نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف تحریک استحقاق پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سینٹ اراکین پر پیسوں کے عوض رکنیت خریدنے کا الزام لگایا ہے جس سے پارلیمنٹرینز اور سینٹ کی توہین ہوئی ہے اور استحقاق مجروح ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اس سے پہلے فوج کے حوالے سے بیان دیکر پاکستان کی دفاعی صلاحیت کو سوالیہ نشان بنانے کی سازش کر چکے ہیں اب سینٹ اراکین کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا ہے سینٹ کے ایسے اراکین بھی ہیں جن کے پاس گاڑ ی تک نہیں ۔

(جاری ہے)

۔ سینیٹر عبدالنبی بنگش نے کہا کہ مولانا عمران خان سٹھیا گیا ہے ،امریکہ عمران خان کو ڈالر دے رہا ہے اور وہ اپنی طرح سب کو بکاؤ مال سمجھ رہے ہیں۔

سینیٹر لالہ عبدالرؤف نے کہا کہ عمران خان کے ملک کے دفاعی اور پارلیمانی اداروں پر مختلف بیانات آرہے ہیں اور ہر بیان جلتی پر تیل کا کام دکھا رہا ہے انہوں نے کہا کہ اس سینٹ میں ایسے بھی سینیٹر ہیں جو آج پیدل ہیں اور انکے بچے بھی پیدل سکول آتے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ پر اعتراض کرنے سے پہلے عمران خان اپنا چہرہ آئینہ میں دیکھیں ۔

سینیٹر سلیم مانڈی والانے کہا کہ عمران خان کے بیانات مضحکہ خیز اور تشویش ناک ہیں ۔ جن ایف سی اہلکاروں کی ذمہ داری طالبان قبول کر چکے ہیں عمران خان انہیں طالبان سے ایف سی اہلکاروں کی شہادت کے واقعہ کی تحقیقا ت کا مطالبہ کررہے ہیں۔ سینیٹرکریم خواجہ نے کہاکہ عمران خان کے بیانات سے فوج کی عوام میں ساکھ خراب کرنے کی کوشش کی گئی ۔ انہوں نے کہاکہ ہم سینیٹرز نے اپنی پارٹیوں کو سینٹ رکنیت کے لئے ٹکٹ فیس سے زیادہ ایک ٹکا نہیں دیا انہوں نے کہا کہ میں ماہر نفسیات ہوں مگر عمران کا چیک اپ کئے بغیر ان کی ذہنی حالت بارے کوئی رائے نہیں دے سکتا ۔

سینیٹر رفیق رجوانہ نے کہا کہ عمران خان مغربی جمہوریت کے نوخیز دلدادہ ہیں جو دھواں دھار بیانات دیتے ہوئے دائیں بائیں بھی نہیں دیکھتے ۔ سینیٹرز پر الزام لگا کر انہوں نے عوام اور سینٹ کی توہین کی ہے ۔ سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ عمران خان نے اراکین سینٹ کی توہین کر کے اپنا ظرف دکھا دیا ۔ عمران خان نے ایک بڑے جلسے میں قوم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ جھوٹ نہیں بولیں گے مگر انہوں نے اراکین سینٹ پر اس سے بھی بڑھ کر تہمت لگائی ہے ۔

عمران خان ابھی تک قوم کو اپنی بنی گالہ والی رہائش گاہ کی خریداری کے لئے پیسے کہا ں سے آئے سچ نہیں بتا سکے ۔ ان کی کریڈیبلٹی نہیں رہی ، انہوں نے کہا کہ خدا نے اگر انہیں مقام دیا ہے تو دوسروں کی عزت نہ اچھالیں ۔ سینیٹر کلثوم پروین نے کہا کہ سیاست کے اصول ہوتے ہیں اگر کوئی سمجھ دار ہو تو اسے پتا ہوتا ہے ۔ عمران خان شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسروں پر پتھر نہ پھینکیں ۔

حاجی عدیل نے کہا کہ عمران خان نے پہلے عدلیہ کی توہین کی اور پھر معافی مانگ لی کہ یہ ان کے بارے میں نہیں کہا ، پھر فوج کی دفاعی صلاحیت کو عوام میں مشکوک بنانے کا بیان دیا ۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ عمران خان نے سینٹ کا تقدس مجروع کیا ہے ان کے الزام میں کوئی وزن یا حقیقت نہیں ۔ سینیٹر نسرین جلیل نے کہا کہ عمران خان کا بیان پارلیمنٹ کی توہین ہے معاملہ کو سینٹ کی استحقاق کمیٹی کو بھجوایا جائے ۔

قائد ایوان راجہ ظفر علی خان نے کہا کہ انہیں عمران خان کے خلاف تحریک استحقاق موصول ہوئی ہے جس پر تمام سیاسی جماعتوں کے اراکین سینٹ کے دستخط ہیں ایوان سے رائے کے مطابق فیصلہ کیا جائے جس پر قائمقام چیئرمین سینٹ صابر بلوچ نے ایوان سے رائے لی حکومت اور اپوزیشن کے تمام سینیٹرز نے یک زبان تحریک کو استحقاق کمیٹی کو بھجوانے کی حمایت کی جس پر قائمقام چیئرمین سینٹ نے تحریک سینٹ استحقاق کمیٹی کو بھجوا دی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات