نیشنل بینک آف پاکستان اور نیشنل عرب بینک سعودی عرب کے درمیان شراکتی معاہدہ ، عرب نیشنل بینک کے ساتھ اشتراک ملک میں زرمبادلہ کی ترسیل کے شعبہ میں اہم سنگ میل ہے،خالد بن شاہین

پیر 17 فروری 2014 20:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 فروری ۔2014ء) سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو ملک میں رقوم کی ترسیل کے لیے نیشنل بینک آف پاکستان نے سعودی عرب کے ممتاز بینک عرب نیشنل بینک کے ساتھ شراکت کا معاہدہ کیا ہے۔ شراکت داری کے اس معاہدے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر نیشنل بینک گروپ چیف اور سینیئر نائب صدر خالد بن شاہین نے کہا کہ نیشنل بینک پاکستان میں زرمبادلہ کی ترسیل میں اہم کردار کا حامل ہے اور عرب نیشنل بینک کے ساتھ اشتراک ملک میں زرمبادلہ کی ترسیل کے شعبہ میں اہم سنگ میل ہے۔

عرب نیشنل بینک کا قیام 1979 میں عمل میں آیا تھا اور اس وقت اسے سعودی عرب میں زرمبادلہ کی ترسیل کی مارکیٹ میں دوسری پوزیشن حاصل ہے۔ اس کا ہیڈ آفس ریاض میں ہے جبکہ جدہ اور خبر میں اس کے علاقائی دفاتر قائم ہیں۔

(جاری ہے)

سعودی عرب میں اس کا نیٹ ورک 270 برانچوں پر مشتمل ہے جس میں سے 85 برانچیں خصوصی طور پر زرمبادلہ کی ترسیل کے لیے مخصوص ہیں۔عرب نیشنل بینک زرمبادلہ کی ترسیل کا کام ٹیلی منی کے برانڈ نام سے کرتا ہے۔

نیشنل بینک کی پاکستان میں 1327 برانچوں کا پورے ملک میں پھیلا ہوا نیٹ ورک ہے۔ ان دونوں بینکوں کے اشتراک سے پاکستانیوں کو سعودی عرب کے ہر کونے سے اپنے ملک میں نہ صرف زرمبادلہ بھیجنے میں آسانی ہوگی بلکہ انہیں ملک کے دور دراز علاقوں میں واقع اپنے گھروں کے قریب ہی اسے وصول کرنے کی بھی سہولت میسر ہوگی۔