سندھ میں زراعت، ماہی گیری، پولٹری، لائیو اسٹاک کے فروغ اور سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے کیلئے ایل ڈی ایف اے نمائش کا آغاز یکم مارچ کو ہوگا

پیر 17 فروری 2014 16:45

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2014ء) سندھ میں زراعت، ماہی گیری، پولٹری، لائیو اسٹاک اور ثقافت کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے کیلئے کراچی ایکسپو سینٹر میں یکم اور دو مارچ کو لائیواسٹاک، ڈیری، فشریز پولٹری اینڈ ایگری کلچر نمائش(LDFA) 2014ء کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ایل ڈی ایف اے سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کی سالانہ نمائش ہے جس میں زراعت، ماہی گیری، پولٹری، لائیو اسٹاک وغیرہ کے بارے میں مکمل کاروباری اور ٹیکنیکل اشیاء کی نمائش کی جاتی ہے اور نمائش میں شرکت کرنے والوں کو تمام تر کاروباری مواقع سے آگاہ کیا جاتا ہے۔

اس سے قبل بھی ایل ڈی ایف اے نمائش کا انعقاد سال 2011، سال 2012، اور سال 2013ء میں کیا گیا تھا۔ ان نمائشوں میں بڑی تعداد میں ملکی، غیر ملکی مندوبین، سرمایہ کاروں، صنعت کاروں، سفارت کاروں، بینکنگ، صوبائی وزراء اور مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام سمیت حکومتی اداروں کے نمائندگان اور عوام نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی تھی۔

(جاری ہے)

نمائش کے پہلے روز ویلیو ایڈیشن کے حوالے سے خصوصی سیمینار کا انعقاد کیاجائے گا۔

اس موقع پر سیمینار میں ماہرین اس شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں اظہار خیال کریں گے۔یہ نمائش خصوصی طور پر لائیواسٹاک سیکٹر سے منسلک لوگوں کیلئے ایک بڑا موقع ہے جہاں وہ مویشیوں کو درپیش صحت کے مسائل سے لے کر ان کی پرورش تک کے موضوعات پر معلومات حاصل کرسکیں گے۔ مزید برآں ، ہارس اینڈ کیٹل شو، پالتو جانوروں کی نمائش، پھولوں کی نمائش اور پرندوں کی نمائش اس نمائش کے خاص پہلو ہیں۔

نمائش میں حصہ لینے والے صنعتی شعبے سرمایہ کاروں کو اپنے تجربات سے بھی آگاہ کریں گے، ان صنعتوں میں فیڈ مینوفیکچرنگ، ویٹ سروسز اینڈ مینوفیکچررز، ویکسی نیشن، مذبح خانے، لیبارٹریز، کولڈ چین اینڈ پیکجنگ، ایمبریو ٹرانسفر ٹیکنالوجی، سرٹیفکیشن جاری کرنے والے ادارے، فارم کنسٹریکشن کمپنیاں اور آلات بنانے والی کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ گھوڑوں اور مویشیوں کا مقابلہ نمائش کے دوسرے دن ہوگا جس کے بعد انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :