کراچی‘زخمی ملزم کی نشاندہی پر گینگ وار کے تین ملزمان گرفتار

پیر 17 فروری 2014 16:13

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2014ء)شہرقائد میں ایک طرف تو ٹارگیٹڈآپریشن چل رہا ہے تو دوسری طرف بدامنی بھی جاری ہے پیرکوکراچی کے مختلف علاقوں سے 2لاشیں برآمد جبکہ فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص زخمی ہوگیا ۔ سول اسپتال سے گرفتار کیے گئے ملزم سعید بلا کی نشاندہی پر پولیس نے چھاپے مار کر لیاری گینگ وار کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق شہرقائد میں جہاں قانون نافذکرنے والے اداروں کی جانب سے ٹارگیٹڈکارروائی کی جارہی ہیں وہیں جرائم پیشہ عناصربھی جب چاہتے ہیں کسی نہ کسی معصوم شہری کو دہشت گردی کا نشانہ بنادیتے ہیں،پیرکوکراچی کے علاقے لیاری جونا مسجد کے قریب سے ایک شخص کی تشددزدہ برآمدہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ریسکیوذرائع کے مطابق تین ہٹی کے قریب ندی سے 20سالہ نوجوان کی لاش برآمدہوئی ہے ، جس کی شناخت نہیں ہوسکی تاہم لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ادھربلدیہ ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیاجسے طبی امدادکے لیئے سول اسپتال منتقل کردیاگیا۔دوسری جانب پولیس نے سول اسپتال سے لیاری گینگ وار کے ملزم سعید بلاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا ہے۔ سعید بلا کا تعلق لیاری گینگ وار کے بابا لاڈلا گروپ سے بتایا جاتا ہے۔ گرفتار ملزم نشاندہی پر پولیس نے لیاری کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر لیاری گینگ وار کے تین ملزمان کو گرفتاران سے اسلحہ برآمدکرلیا ہے۔