نندی پور پاورہاؤس سے کم مدت میں100میگاواٹ بجلی کا حصول ایک بڑی کامیابی ہے‘ حنا پرویز بٹ

پیر 17 فروری 2014 13:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنماء و ممبر صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ نندی پور پاورہاؤس سے مئی 2014ء میں 100میگاواٹ بجلی کا حصول کم مدت میں ایک بڑی کامیابی ہے ، جس کا کریڈٹ خادم اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کوجاتاہے، توانائی کے بحران پر قابوپانے کیلئے حکومت کی خدمات قابل ستائش ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نندی پور نیو پاور ہاؤس کا منصوبہ 2005-06ء میں شروع کیا گیا جسے دسمبر 2010ء میں مکمل ہونا تھا ۔گزشتہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کی بدولت یہ منصوبہ التوا کا شکار ہوتا رہا ۔لیکن پنجاب حکومت نے اس منصوبہ کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے اس پر ترجیجی بنیادوں پر کام شروع کیا ۔انہوں نے اس منصوبے میں کام کرنے والے انجینئرز اور مزدوروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا کہ وہ قومی جذبے سے سرشار ہو کر اس منصوبے کی تکمیل کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔

(جاری ہے)

پچھلے چند سالوں میں بزنس کمیونٹی نے توانائی بحران کے باعث کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کیا ۔لیکن اب حکومت کی توانائی بحران کو ختم کرنے کی پالیسیاں بزنس کمیونٹی کیلئے اندھیروں میں روشنی کے مترادف ثابت ہو رہی ہیں۔ مو جودہ حکمران اسی جذبے سے تعمیر کام جاری رکھیں گے اور عوام پر چھائے ہوئے مایوسی کے بادلوں سے جلد چھٹکارا حاصل کر لیں گے۔

متعلقہ عنوان :