30 ایف سی اہلکاوں کی شہادت کا دعویٰ ، طالبان کمیٹی کیلئے درد سر بن گیا، وزیر اعظم اور آرمی چیف سمیت تمام تر ملاقاتیں منسوخ

پیر 17 فروری 2014 11:58

30 ایف سی اہلکاوں کی شہادت کا دعویٰ ، طالبان کمیٹی کیلئے درد سر بن گیا، ..

پشاور(رحمت اللہ شباب۔اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17فروری 2014ء) 30ایف سی اہلکاوں کی شہادت کے دعویٰ کے بعد طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کیلئے ایک اور درد سر بن گیا ہے کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق اور کمیٹی کے اراکین کی طرف سے طالبان کی قیادت مرکزی قیادت نے مسلسل رابطے کئے جا رہے ہیں۔ دوسری طرف حکومتی کمیٹی نے آج ہونیوالے تمام تر اجلاسوں کاسلسلہ معطل کر دیا ہے طالبان کمیٹی کی آج وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ہونیوالی ملاقاتیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں اس سلسلہ میں جب نمائندہ اردو پوائنٹ طالبان کمیٹی کے اہم رکن مولانا یوسف شاہ سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ حالیہ خبر سے کمیٹی کے تمام اراکین کو شدید تکلیف پہنچی ہے اور طالبان کی جانب سے واقعہ کے بارے میں جلد موقف سامنے آنے کا کہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واقعہ کو مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ اردو پوائنٹ کی طرف سے طالبان سے جب رابطے کئے گئے تو بیشتر طالبان کمانڈروں نے کوئی جواب نہیں دیا جبکہ بعض نے صرف اتنا ہی بتایا کہ معاملہ مرکزیشوریٰ کا ہے اور مرکزی شوریٰ ہی اس کا بہتر حل نکال سکتی ہے۔ دوسری جانب تحریک طالبان کے شاہد اللہ شاہد نے کہا ہے کہ حکومت اور ہماری مذاکرات کی بات چل رہی ہے اور ہم سیز فائر کی طرف جانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن حکومت مسلسل ہمارے ساتھیوں کو شہید کر رہی ہے جو مذاکراتی عمل پر اثر انداز ہو سکتا ہے رہی بات فوجیوں کی تو ہمارا ابھی مہمند ایجنسیوں کے ساتھیوں سے ہمارارابطہ نہیں ہوا ہے ان سے رابطہ ہونے کے بعد ہم میڈیا کو اپنا بیان جاری کروا دیں گے ۔